کتاب: فقہی احکام و مسائل(جلد1) - صفحہ 354
"چنانچہ جس شخص نے ان (مہینوں ) میں حج کو لازم کر لیا تو حج کے دوران میں وہ جنسی باتیں نہ کرے۔"[1] سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں:(رَفَثَ) سے مراد "جماع" ہے۔ جس شخص نے دس ذوالحجہ کو طواف افاضہ (طواف زیارت )سے پہلے پہلے جماع کر لیا تو اس کا حج فاسد ہو گیا۔ وہ حج کے بقیہ ارکان کی ادائیگی جاری رکھے اور آئندہ سال اس حج کی قضا دے اور ایک جانور ذبح کرے۔ اگر محرم نے دس ذوالحجہ کو طواف زیارت کے بعد جماع کیا تو اس کا حج فاسد نہ ہو گا بلکہ وہ ایک بکری بطور فدیہ ذبح کرے۔ 9۔ مباشرت کرنا:جماع کے علاوہ بصورت شہوت معانقہ ،بوس و کنار کرنا درست نہیں کیونکہ یہ چیزیں جماع کا سبب ہیں۔ محرم پر واجب ہے کہ وہ جماع ،نافرمانی اور لڑائی کے کاموں سے اجتناب کرے۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: "فَمَن فَرَضَ فِيهِنَّ الْحَجَّ فَلَا رَفَثَ وَلَا فُسُوقَ وَلَا جِدَالَ فِي الْحَجِّ " "چنانچہ جس شخص نے ان (مہینوں ) میں حج کو لازم کر لیا تو حج کے دوران میں وہ جنسی باتیں نہ کرے۔اللہ کی نافرمانی نہ کرے اور کسی سے جھگڑا نہ کرے۔"[2] آیت میں مذکورہ لفظ(رَفَثَ) سے مراد جماع یا جماع کے اسباب ہیں، مثلاً: مباشرت، بوس وکناراور جماع کی باتیں کرنا وغیرہ اور(فُسُوقَ) سے مراد معصیت کے جملہ کام ہیں جو خاص طور پر حالت احرام میں بہت قبیح اور شدید ہیں کیونکہ محرم اطاعت وانکسار کی حالت میں ہوتا ہے۔( جِدَالَ) سے مراد ساتھیوں کے ساتھ بے مقصد بحث و تکرار حتی کہ گالی گلوچ کرنا ہے، البتہ حق بات کی وضاحت امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کی خاطر بحث و تکرار مستحسن ہے بلکہ اس کا تو حکم ہے۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: "وَجَادِلْهُمْ بِالَّتِي هِيَ أَحْسَنُ" "اور ان سے بہترین طریقے سے گفتگو کیجیے۔"[3] محرم کے لیے مسنون یہ ہے کہ وہ غیر مفید، بے مقصد اور دنیوی کلام کم ازکم کرے۔ سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " مَنْ كَانَ يُؤْمِنُ بِاللّٰهِ وَالْيَوْمِ الْآخِرِ فَلْيَقُلْ خَيْرًا أَوْ لِيَصْمُتْ" "جو شخص اللہ تعالیٰ اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتا ہے وہ اچھی بات کہے یا پھر خاموش رہے۔"[4]
[1] ۔البقرۃ:2/197۔ [2] ۔البقرۃ:2/197۔ [3] ۔النحل16/125۔ [4] ۔صحیح البخاری، الادب، باب من کان یو من باللّٰه و الیوم الاخر فلا یؤذ جارہ، حدیث:6019،6018۔وصحیح مسلم، الایمان، باب الحث علی اکرام الجارو الضیف ۔۔۔۔۔ حدیث47۔