کتاب: فقہی احکام و مسائل(جلد1) - صفحہ 32
جامع ترمذی کی روایت ہے: "يُقْرِئُنَا الْقُرْآنَ عَلَى كُلِّ حَالٍ مَا لَمْ يَكُنْ جُنُبًا..." "جنابت کی حالت کے سوا آپ ہمیں ہر حال میں قرآن مجید پڑھاتے تھے۔"[1] یہ روایات اس بات کی دلیل ہیں کہ جنبی شخص کے لیے قرآن مجید کی تلاوت کرنا حرام ہے۔ حائضہ اور نفاس والی عورت کا بھی یہی حکم ہے۔[2] البتہ بعض علماء مثلاً:ابن تیمیہ رحمۃ اللہ علیہ وغیرہ نے حائضہ کو قرآن مجید کی تلاوت کی اس وقت اجازت دی ہے جب اسے قرآن کے کسی حصے کے بھول جانے کا اندیشہ ہو۔ اگر کوئی جنبی شخص قرآن مجید کے معنی و مفہوم اور توضیح و تشریح سے متعلق گفتگو کر لے یا قرآن مجید کی تلاوت کا ارادہ نہ ہو بلکہ محض ذکر کے طور پر قرآنی تلاوت پڑھ لے، مثلاً: "بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ" یا "الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ" وغیرہ تو اس میں کوئی حرج نہیں کیونکہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے: "كَانَ النَّبِيُّ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، يَذْكُرُ اللّٰهَ عَلَى كُلِّ أَحْيَانِهِ ""نبی صلی اللہ علیہ وسلم ہر حال میں اللہ کا ذکر کرتے تھے۔"[3] حیض و نفاس والی کے لیے وضو کے بعد بھی مسجد میں ٹھہرنا جائز نہیں۔ اگر کوئی شخص جنبی ہو یا کوئی عورت حیض و نفاس کے ایام میں ہو تو اس کے لیے بغیر وضو مسجد میں ٹھہرنا حرام ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: "يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لَا تَقْرَبُوا الصَّلَاةَ وَأَنتُمْ سُكَارَىٰ حَتَّىٰ تَعْلَمُوا مَا تَقُولُونَ وَلَا جُنُبًا إِلَّا عَابِرِي سَبِيلٍ حَتَّىٰ تَغْتَسِلُوا .... " "اے ایمان والو!جب تم نشے میں مست ہوتو نماز کے قریب بھی نہ جاؤ یہاں تک کہ تم اپنی بات کو سمجھنے لگواور جنابت کی حالت میں یہاں تک کہ غسل کر لو۔ ہاں اگر راہ چلتے گزر جانے والے ہو تو اور بات ہے۔"[4] نیز رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے: "لا أحل المسجد لحائض ولا جنب""میں حائضہ اور جنبی کو مسجد میں رہنے کی اجازت نہیں دیتا ۔"[5]
[1] ۔جامع الترمذی الطہارۃ باب ماجاء فی الرجل يقراء القرآن علی کل مالم یکن جنباحدیث 146۔ [2] ۔حائضہ اور نفاس والی کوجنب پر قیاس کرنا قیاس مع الفارق ہے ،جنابت کا ازالہ اختیاری ہے جبکہ حیض و نفاس کا ازالہ اختیاری نہیں، لہٰذا حائضہ و نفاس والی قرآن مجید کی تلاوت کر سکتی ہے۔(ع۔و) [3] ۔صحیح البخاری الاذان باب ھل یتبع الموذن فاہ ھاھنا وھاھنا؟ قبل الحدیث634۔معلقاًوصحیح مسلم الحیض باب ذکر اللّٰه تعالیٰ فی حال الجنابۃ وغیرہا حدیث 373۔ [4] ۔النساء:4/43۔ [5] ۔(ضعیف) سنن ابی داؤد الطہارۃ باب فی الجنب یدخل المسجد حدیث232وصحیح ابن خزیمہ 2/284۔حدیث1327۔وارواء الغلیل 1/210۔حدیث 193۔وصححہ الشیخ زبیر علی زئی۔