کتاب: فقہی احکام و مسائل(جلد1) - صفحہ 113
"وَكَانَ إِذَا رَفَعَ رَأْسَهُ مِنَ السَّجْدَةِ لَمْ يَسْجُدْ حَتَّى يَسْتَوِيَ جَالِسًا" "نبی صلی اللہ علیہ وسلم جب سجدہ کرکے سر اٹھاتے تھے تو اس وقت تک دوسرا سجدہ نہ کرتے جب تک برابر ہوکر اطمینان سے بیٹھ نہ جاتے تھے۔"[1] 9۔افعال مذکورہ میں اعتدال کا ہونا:مندرجہ بالاارکان میں اعتدال اور سکون بھی فرض اور رکن ہے اگرچہ قلیل مقدار ہی میں کیوں نہ ہو۔کتاب وسنت کےدلائل سے واضح ہوتا ہے کہ جو شخص اپنی نماز میں اعتدال وسکون کااہتمام نہیں کرتا تووہ ایسے ہے جیسے اس نے نماز پڑھی ہی نہیں،لہذا اسے دوبارہ نماز ادا کرنے کا حکم دیا جائے گا۔[2] 10۔آخری تشہد پڑھنا اور اس کے لیے بیٹھنا:نماز کے آخرمیں تشہد کے لیے بیٹھنا اور اس میں تشہد کے کلمات پڑھنا نماز کاایک رکن ہے۔تشہد کے کلمات: "التَّحِيَّاتُ لِلّٰهِ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ مُحَمَّدًا عَبْدُهُ وَرَسُولُهُ" تک ہیں۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نماز میں یہ کلمات پڑھتے تھے اور آپ کاارشادہے: "صَلُّوا كَمَا رَأَيْتُمُونِي أُصَلِّي""تم ایسے نماز پڑھو جیسے تم نے مجھے نماز پڑھتے دیکھا ہے۔"[3] اور سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کا فرمان ہے: "كنا نقول في الصلاة قبل أن يفرض علينا التشهد" "تشہد فرض ہونے سے قبل ہم نماز میں یہ کہاکرتے تھے۔"[4] اس روایت کےالفاظ: " قبل أن يفرض" تشہد کی فرضیت پر دلیل ہیں۔ 11۔ آخر ی تشہد میں درودشریف کا پڑھنا: "اللّٰهُمَّ صَلِّ عَلَى مُحَمَّدٍ"اس قدر کہنا فرض ہے۔اور اس سے زیادہ کلمات(درود ابراہیمی) کہنا سنت ہے۔[5]
[1] ۔صحیح مسلم ،الصلاۃ ،باب مایجمع صفۃ الصلاۃ وما یفتتح بہ ویختم بہ۔۔۔حدیث 498۔ [2] ۔جیسا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس شخص کو دوبارہ نماز پڑھنے کا حکم دیا تھا جس نے اعتدال وسکون کے بغیر نمازادا کی تھی۔صحیح البخاری، الاذان باب وجوب القراءۃ للامام والماموم،حدیث 757 وصحیح مسلم ،الصلاۃ باب وجوب قراءۃ الفاتحۃ ،حدیث 397۔ [3] ۔صحیح البخاری، الاذان باب الاذان للمسافرین اذا کانوا جماعۃ والاقامۃ،حدیث 631۔ [4] ۔سنن النسائی ،السھو باب ایجاب التشھد، حدیث 1278۔ [5] ۔درود پڑھنے کے بعد رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے درج ذیل دعا پڑھنے کا بھی حکم دیاہے،لہذا اس کا بھی التزام کرنا چاہیے،صحیح مسلم میں ہے،رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:"إِذَا تَشَهَّدَ أَحَدُكُمْ فَلْيَسْتَعِذْ بِاللَّهِ مِنْ أَرْبَعٍ ، يَقُولُ : اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنْ عَذَابِ جَهَنَّمَ ، وَمِنْ عَذَابِ الْقَبْرِ ، وَمِنْ فِتْنَةِ الْمَحْيَا وَالْمَمَاتِ ، وَمِنْ شَرِّ فِتْنَةِ الْمَسِيحِ الدَّجَّالِ " (صحیح مسلم المساجد باب ما یستعاذ منہ فی الصلاۃ حدیث 588۔(عثمان منیب)