کتاب: فقہ الصلاۃ (نماز نبوی مدلل)(جلد3) - صفحہ 436
تیسری حدیث:
صحیح بخاری اور دیگر کتب والی معروف حدیث:
((صَلُّوْا کَمَا رَاَیْتُمُوْنِیْ اُصَلِّیْ))[1]
’’تم اس طرح نماز پڑھو جس طرح مجھے نماز پڑھتے ہوئے تم نے دیکھا ہے۔‘‘
میں بھی نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا یہی حکم ملتا ہے کہ جس طرح آپ صلی اللہ علیہ وسلم قومے میں اطمینان سے کھڑے ہوتے اور پھر رکوع جاتے تھے،اسی طرح ہر نمازی کرے۔
چوتھی حدیث:
قومے میں اطمینان کے ساتھ صحیح سیدھے کھڑے ہونے کے وجوب کا پتا مسند احمد اور طبرانی کبیر کی اس حدیث سے بھی چلتا ہے جس میں حضرت طلق رضی اللہ بیان کرتے ہیں کہ نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشادِ گرامی ہے:
((لَا یَنْظُرُ اللّٰہُ عَزَّوَجَلَّ اِلٰی صَلَاۃِ عَبْدٍ لَا یُقِیْمُ صُلْبَہٗ بَیْنَ رُکُوْعِہَا وَسُجُوْدِہَا))[2]
’’اللہ تعالیٰ اُس بندے کی نماز کی طرف نظر نہیں فرماتا جو رکوع اور سجود کے مابین اپنی کمر کو سیدھا نہیں کرتا۔‘‘
پانچویں حدیث:
صحیح بخاری و مسلم،سنن دارمی،مستدرک حاکم اور مسند شافعی و احمد کی روایت کے مطابق صحیح طرح سے نماز نہ پڑھنے والے اعرابی کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا:
((اِرْفَعْ رَاْسَکَ حَتّٰی تَعْتَدِلَ قَائِمًا فَیَاْخُذَ کُلُّ عَظْمٍ مَاْخَذَہٗ))
’’اپنا سر اٹھاؤ یہاں تک کہ خوب اچھی طرح کھڑے ہو جاؤ اور تمھارے جسم کی ہر ہڈی اپنی اصل جگہ پر لوٹ جائے۔‘‘
جبکہ ایک روایت میں ہے:
((وَاِذَا رَفَعْتَ فَاَقِمْ صُلْبَکَ وَارْفَعْ رَاْسَکَ حَتّٰی تَرْجِعَ الْعِظَامُ اِلٰی مَفَاصِلِہَا))[3]
[1] صفۃ الصلاۃ(ص: 79 و صححہ)
[2] بحوالہ سابقہ۔