کتاب: فقہ الصلاۃ (نماز نبوی مدلل)(جلد3) - صفحہ 420
قومہ
قومے کی کیفیت:
جب نمازی سکون و اطمینان کے ساتھ رکوع میں ملکوتی تسبیحوں کے پھول بارگاہِ لم یزل میں پیش کر لے تو ’’سَمِعَ اللّٰہُ لِمَنْ حَمِدَہٗ‘‘ کہتے ہوئے کھڑا ہو جائے اور کھڑے ہو کر قومے میں ’’رَبَّنَا لَکَ الْحَمْدُ‘‘ کہے،جس کا حکم تکبیراتِ انتقال والا ہی ہے جو حنابلہ کے نزدیک واجب اور دیگر تمام ائمہ کے نزدیک مسنون ہے۔
رکوع سے اٹھتے وقت رفع یدین کرنا:
رکوع سے سر اٹھاتے ہوئے بھی رفع یدین کرنا صحیح احادیث سے ثابت و مسنون عمل ہے۔لہٰذا ہر نمازی اِس سنت پر عمل کر کے رفع یدین کرتا ہوا رکوع سے سر اٹھائے۔اس رفع یدین کی سنیت کی تمام تر تفصیلات الگ کتابی شکل میں چھپ چکی ہیں،جس کا خلاصہ ہم گذشتہ صفحات میں رفع یدین کے ضمن میں ذکر کر چکے ہیں۔
قومے کے اَذکار:
اب رہے قومے کے اَذکار تو اس موقع کے لیے بھی نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے متعدد اَذکار ثابت ہیں۔مثلاً:پہلا ذکر تو وہی ہے جو معروف ہے:’’رَبَّنَا لَکَ الْحَمْدُ‘‘ اِس ذکر کا ثبوت صحیح بخاری و مسلم،سنن اربعہ(اِلّا ابن ماجہ)،سنن بیہقی،مسند ابی عوانہ اور موطا امام مالک میں حضرت ابوہریرہ رضی اللہ سے مروی حدیث میں ہے جس میں وہ بیان فرماتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
((إِذَا قَالَ الْاِمَامُ:سَمِعَ اللّٰہُ لِمَنْ حَمِدَہٗ،فَقُوْلُوْا:اَللّٰہُمَّ رَبَّنَا وَلَکَ الْحَمْدُ))[1]
’’جب امام ’’سَمِعَ اللّٰہُ لِمَنْ حَمِدَہٗ‘‘ کہے تو تم کہو:’’اَللّٰہُمَّ رَبَّنَا وَلَکَ الْحَمْدُ‘‘
[1] صفۃ الصلاۃ(ص: 77)
[2] سنن الدارقطني(1/ 1/ 341)