کتاب: فقہ الصلاۃ (نماز نبوی مدلل)(جلد3) - صفحہ 397
ہے کہ حضرت اَنس رضی اللہ فرماتے ہیں:
’’نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم نماز کے شروع میں،رکوع جاتے وقت اور رکوع سے سر اٹھاتے وقت رفع یدین کیا کرتے تھے۔‘‘[1]
آٹھویں دلیل:
سنن ابو داود و ابن ماجہ،علل دارقطنی اور جزء القراء ۃ بخاری میں حضرت ابوہریرہ رضی اللہ بیان کرتے ہیں:
’’نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم تکبیر تحریمہ کے ساتھ،رکوع جاتے وقت،رکوع سے سر اٹھاتے وقت اور تیسری رکعت کے لیے ہاتھ باندھتے وقت رفع یدین کرتے تھے۔‘‘[2]
نویں دلیل:
جزء القراء ۃ بخاری میں تعلیقاً اور سنن ابن ماجہ و خلافیاتِ بیہقی میں موصولاً مروی حدیث میں حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ کے بارے میں آیا ہے کہ وہ نماز کے شروع میں،رکوع جاتے وقت اور رکوع سے سر اٹھاتے وقت رفع یدین کرتے اور فرماتے تھے:’’میں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو ایسے ہی کرتے دیکھا ہے۔‘‘[3]
دسویں دلیل:
جزء القراء ۃ بخاری میں تعلیقاً اور غرائب الامام مالک دارقطنی اور سنن و خلافیاتِ بیہقی میں موصولاً میں مروی ہے:
’’حضرت عمر فاروق رضی اللہ نے ایک مرتبہ لوگوں کو نماز کا طریقہ بتاتے ہوئے تکبیر تحریمہ کے ساتھ رفع یدین کیا،پھر رکوع جاتے اور رکوع سے سر اٹھاتے وقت بھی رفع یدین کیا۔‘‘[4]
[1] صحیح سنن ابن ماجہ(1/ 143)سنن الدارقطني(1/ 1/ 290)جزء الإمام البخاري(ص: 39)نصب الرایۃ(1/ 413)
[2] سنن أبي داوٗد(2/ 435)صحیح سنن ابن ماجہ(1/ 142)جزء الإمام البخاري(ص: 46)نصب الرایۃ(1/ 414)التلخیص(1/ 1/ 219)
[3] صحیح سنن ابن ماجہ(1/ 144)جزء الإمام البخاري،(ص: 47۔نصب الرایۃ(1/ 414)ونقل تصحیح البیہقي ورضي بہ۔
[4] الخلافیات للبیہقي بحوالہ نصب الرایۃ(1/ 415)