کتاب: فقہ الصلاۃ (نماز نبوی مدلل)(جلد3) - صفحہ 311
آمین
سورت فاتحہ کی قراء ت مکمل ہونے پر بالاتفاق ’’آمین‘‘ کہی جاتی ہے۔
آمین کا معنی:
آمین دراصل ایک دعا ہے،جس کا معنی ہے:
((اَللّٰہُمَّ اسْتَجِبْ))’’اے اللہ!میری دعا قبول فرما۔‘‘
یا پھر یہ معنی بیان کیا گیا ہے:
((کَذٰلِکَ فَافْعَلْ))’’اے اللہ!ایسے ہی کر(جیسا کہ طلب کیا گیا ہے)۔‘‘
بعض علما نے یہ معنی بھی ذکر کیا ہے:
((کَذٰلِکَ فَلْیَکُنْ))[1] ’’ایسے ہی ہو۔‘‘
فضلیت و اہمیت اور امر نبوی صلی اللہ علیہ وسلم:
امام،مقتدی اور منفرد،حتیٰ کہ عام تلاوت کرنے والے،سب کا سورت فاتحہ مکمل کرنے کے بعد آمین کہنا صحیح احادیث میں وارد ہوا ہے اور اس میں ائمہ مذاہب کے مابین کوئی اختلاف بھی نہیں ہے۔چنانچہ صحیح بخاری و مسلم اور دیگر کتبِ حدیث میں حضرت ابوہریرہ رضی اللہ سے مروی ارشادِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے:
((اِذَا اَمَّنَ الْاِمَامُ فَاَمِّنُوْا…الخ))
’’جب امام آمین کہے تو تم بھی آمین کہو۔‘‘
اس حدیث کے آخر میں اس کے ایک راوی امام زہری رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
[1] تفصیل کے لیے دیکھیں : مختار الصحاح رازي(ص: 270)مختصر ابن کثیر رفاعي(1/ 18)تفسیر ابن کثیر(1/ 31)فتح الباري(2/ 262)تحفۃ الأحوذي(4/ 65)تفسیر القرطبي(1/ 1/ 90)شرح السنۃ للبغوي(3/ 63)عون المعبود(2/ 209،210)نیزدیکھیں : ہماری مستقل کتاب ’’آمین! معنی و مفہوم،فضیلت،امام و مقتدی کے لیے حکم۔‘‘