کتاب: فقہ الصلاۃ (نماز نبوی مدلل)(جلد3) - صفحہ 156
ہے اور اسی کی تائید متعدد فقہا و علماء احناف سے بھی ملتی ہے۔
زبان سے نیت کے الفاظ ادا کرنا،نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم خلفاے راشدین و صحابہ رضی اللہ عنہم،تابعین و ائمہ اربعہ رحمہم اللہ میں سے کسی سے بھی ثابت نہیں ہے،بلکہ یہ ایک خود ساختہ فعل اور بہت بعد کی ایجاد ہے۔علامہ ابن قیم رحمہ اللہ کی کتاب ’’زاد المعاد‘‘ سے ایک اقتباس ہم نے آپ کے سامنے ذکر کیا ہے،جبکہ موصوف اپنی ایک دوسری کتاب ’’إغاثۃ اللہفان من مصاید الشیطان‘‘ میں بھی اس موضوع پر بڑی قیمتی باتیں لکھ گئے ہیں۔اس میں بھی اس کی لغوی تشریح اور عدمِ ثبوت کے بعد لکھا ہے کہ جو شخص وضو کرنے کے لیے بیٹھ گیا،اس نے وضو کی نیت کر لی اور جو شخص نماز پڑھنے کے لیے کھڑا ہو گیا،اس نے اس نماز کی نیت کر لی۔کوئی بھی عقل مند انسان ایسا نہیں ہوگا جو کوئی عبادت بلا نیت ہی کر لے،بلکہ انسان کے افعالِ مقصودہ کے لیے نیت ایک لازم امر ہے جس کے لیے کسی نئی کوشش و محنت کی ضرورت نہیں ہے،بلکہ اگر کوئی شخص اپنے اختیاری افعال کو نیت سے خالی کرنا چاہے گا تو یہ اس کے بس سے باہر ہوگا۔
پھر لکھتے ہیں کہ جو شخص کسی امام کی اقتدا میں ظہر کی نماز پڑھنے کے لیے کھڑا ہو جائے تو اسے اب کیا شک باقی رہ جاتا ہے(جسے دور کرنے کے لیے وہ نیت کے نام سے ایجاد کی گئی گردان پڑھتا ہے؟)اگر کوئی شخص اس حال میں اسے کسی کام سے بلائے تو جھٹ کہہ دے گا کہ میں نماز پڑھنے لگا ہوں،کوئی شخص اسے راستے میں ملے اور پوچھے کہ کدھر کا ارادہ ہے؟تو بلا توقف کہہ اٹھے گا کہ میں نمازِ ظہر کے لیے مسجد جا رہا ہوں اور مسجد میں امام کے ساتھ نماز ہوگی۔تو یہ اُمور ایسے ہیں کہ کوئی سمجھ دار ان کے بارے میں شک میں مبتلا نہیں ہو سکتا،تو پھر اس نیت کے الفاظ کا کیا معنی؟
اس سے بھی تعجب انگیز بات تو یہ ہے کہ قرائن کی وجہ سے دوسروں کو پتا چل جاتا ہے کہ یہ شخص کیا کرنے جا رہا ہے،پھر خود اسے وہی بات دہرانے کی کیا ضرورت ہے؟مثلاً اگر مسجد میں لوگوں کے مابین کسی آدمی کو کوئی بیٹھا ہوا پائے تو وہ سمجھ جاتا ہے کہ یہ جماعت کھڑی ہونے کا انتظار کر رہا ہے اور اقامت ہونے پر جب وہ صف میں کھڑا ہو تو دیکھنے والا سمجھ لے گا کہ یہ نماز باجماعت پڑھنے لگا ہے۔جب ایک شخص صف سے آگے اکیلا ایک مخصوص جا نماز پر کھڑا ہو جائے تو دیکھنے والا بلا تردد سمجھ لے گا کہ یہ امامت کرائے گا اور جو لوگوں کی صف میں ہوگا،وہ کسی امام کی اقتدا میں نماز پڑھنے لگے گا۔