کتاب: فقہ الصلاۃ (نماز نبوی مدلل)(جلد1) - صفحہ 28
سے گزارش ہے کہ اس پر مطلع فرمائیں،تاکہ آیندہ طباعت میں اس کا ازالہ کیا جاسکے۔ مولانا قمر صاحب نے حتی المقدور کوشش کر کے صحیح احادیث سے استدلال کرتے ہوئے ان پروگراموں کو پیش کیا ہے اور موقع بہ موقع ضعیف احادیث کی نشان دہی بھی کی ہے۔ ہاں!انسان علم میں کتنا ہی پختہ کیوں نہ ہو،پھر بھی اس کا علم ناقص ہے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان کے مطابق ہر انسان خطاکار ہے۔اس لیے اہلِ علم حضرات سے التماس ہے کہ اگروہ کسی ضعیف حدیث پر اطلاع پائیں تو نشان دہی فرمائیں۔ہم ان کے شکر گزار ہوں گے اور ان شاء اللہ آیندہ ایڈیشن میں ہم ان اہلِ علم وتحقیق حضرات کی آراء کا احترام کرتے ہوئے اس کی اصلاح کر دیں گے۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے اپنے فضل و کرم اور رحمت سے مجھے یہ کام کرنے کی توفیق بخشی اور دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کام کو پورا کرنے کی توفیق مرحمت فرمائے۔آمین ثم آمین آخرمیں مَیں اپنے فاضل دوست مولانا محمد منیر قمر صاحب کا شکر گزار ہوں کہ انھوں نے نماز کے بارے میں پیش کیے گئے پر وگراموں کا تقریری مجموعہ ترتیب دینے کے لیے میرا اتخاب کیا اور اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ ان کے علم وعمر میں برکت فرمائے اور انھیں مزید نیکی و خدمتِ دین کی توفیق بخشے۔ قارئین سے التماس ہے کہ مؤلف و ناشر کے ساتھ ساتھ بندہ کو بھی نیک دعاؤں میں یاد رکھیں اور اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اپنے فضل و کرم سے ہماری اس محنت و کاوش کو شرف ِقبولیت سے نوازے اور آخرت میں ہمارے لیے ذریعۂ نجات بنائے اور قارئین کے لیے اس کتاب کو نفع بخش بنائے۔آمین ثم آمین وَصَلَّی اللّٰہُ عَلَی النَّبِيِّ مُحَمَّدٍ وَعَلَیٰ آلِہٖ وَصَحْبِہٖ أَجْمَعِیِنْ وَمَنْ تَبِعَہُمْ بِاِحْسَانٍْ اِلیٰ یَوْمِ الدِّیْنِ۔ حافظ ارشاد الحق رکن مرکز الدعوۃ و الارشاد۔دبئی 10/ 11/ 1413ھ