کتاب: فکری امن اسلام میں اس کی اہمیت ، کردار اور ثمرات - صفحہ 17
دوسری بحث: شریعت اسلامیہ کے امتیازات اور خصوصیات شریعت اسلامیہ کی بہت سی خوبیاں اور خصوصیات ہیں جو اس کو تمام بشری قوانین سے امتیازی مقام عطا کرتی ہیں ۔ ان میں اہم ترین یہ ہیں : 1۔ یہ شریعت اللہ تعالیٰ کی طرف سے نازل کردہ ہے اور وہ خوب جانتا ہے کہ لوگوں کے لیے کیا بہتر ہے۔ فرمایا: ﴿ أَلَا يَعْلَمُ مَنْ خَلَقَ وَهُوَ اللَّطِيفُ الْخَبِيرُ﴾ (الملک: 14) ’’کیا بھلا وہ نہیں جانتا جس نے پیدا کیا اور وہ باریک بین اور خوب خبر رکھنے والا ہے۔‘‘ 2۔ یہ شریعت تمام انسانوں اور جنوں کے لیے ہے اور یہ گزشتہ تمام شریعتوں کا خاتمہ اور خلاصہ ہے۔ 3۔ یہ شریعت انتہائی مکمل، پوری اور تمام ہے۔ فرمایا: ﴿ الْيَوْمَ أَكْمَلْتُ لَكُمْ دِينَكُمْ وَأَتْمَمْتُ عَلَيْكُمْ نِعْمَتِي وَرَضِيتُ لَكُمُ الْإِسْلَامَ دِينًا﴾ (المائدۃ: 3) ’’آج کے دن میں نے تمہارے لیے تمہارا دین مکمل کر دیا، اور اپنی نعمت تم پر پوری کر دی اور تمہارے لیے اسلام کو بطور دین پسند کر لیا ہے۔‘‘ 4۔ یہ شریعت ثابت اور تا قیامت ہے۔ یعنی جب تک دنیوی زندگی کا وجود ہے اور ہر پیش آمدہ نئے اور جدید مسائل کے لیے مکمل رہنمائی ہے۔ 5۔ لوگ اپنی دنیاوی اور دینی زندگی کے لیے جس چیز کے محتاج ہیں وہ اس شریعت میں موجود ہے چاہے عقائدو احکام ہوں یا پھر سلوک اور زندگی کا دستور ہو۔