کتاب: فکر و عقیدہ کی گمراہیاں اور صراط مستقیم کے تقاضے - صفحہ 18
تہواروں میں شرکت اور ان کو اپنے تہواروں میں دعوت دینا معمول بن گیا تھا۔ انھی پُرآشوب حالات میں شیخ نے ’’اقتضاء الصراط المستقیم‘‘ لکھی جس میں ان تمام خرافات کا قرآن وسنت کی روشنی میں رد کیا۔
دنیائے عرب میں اس گرانقدر کتاب کے متعدد مخطوطے مختلف کتب خانوں میں موجود ہیں۔ ان مخطوطات کے متعدد ایڈیشن شائع ہوچکے ہیں، لیکن سب سے زیادہ شہرت اور قبولیت مصر کے مشہور سلفی عالم شیخ محمد حامد الفقی کی اشاعت کو حاصل ہوئی، جس کا ترجمہ مولانا عبدالرزاق ملیح آبادی رحمہ اللہ نے کیا اور ساتھ ہی ایک دقیق مقدمہ بھی تحریر کیا۔ یہ ترجمہ سب سے پہلے کلکتہ کی ہند بک ایجنسی نے بنام ’’صراط مستقیم‘‘ شائع کیا تھا۔ اس کی دوسری اشاعت لاہور میں بنام ’’جادئہ حق‘‘ شائع ہوئی۔ کتاب ہٰذا اسی ترجمے کی جدید اشاعت ہے۔ ترجمے میں بنیادی طور پر کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، تاہم متروک اردو الفاظ کو جدید الفاظ سے بدل دیا گیا ہے اور زبان و بیان کے سقم دور کرنے کے ساتھ ساتھ کمپوزنگ اور پروف کی صحت کا خاص اہتمام کیا گیا ہے۔ ہم نے کتاب کے عنوان کو عام فہم بنانے کے لیے اس کا نام ’’فکرو عقیدہ کی گمراہیاں اور صراط مستقیم کے تقاضے‘‘ رکھ دیا ہے۔ نئے ایڈیشن کی تسہیل، پروف ریڈنگ اور آخری مراحل سے گزارنے کی ذمہ داری مولانا محمد عثمان منیب اور مولانا منیر احمد رسولپوری نے انجام دی ہے جبکہ اس ایڈیشن کی تحقیق و تخریج کی نازک ذمہ داری ابوالقاسم حافظ محمود تبسم حفظہ اللہ نے نبھائی جس سے کتاب کی استنادی حیثیت میں مزید اضافہ ہوا اور اس کی اہمیت دوچند ہو گئی ہے۔
اس گراں قدر کتاب کو معیاری بنانے میں ہم کہاں تک کامیاب ہوئے ہیں، اس کے