کتاب: فکر فراہی اور اس کے گمراہ کن اثرات - صفحہ 409
کی رائے کو زیادہ اہمیت دیں، کیوں کہ یہ تنہا روی (سولو فلائٹ) اس گروہ کو نہ صرف پسند ہے، بلکہ اس پر فخر کرنا ان کا شیوہ ہے۔ اس لیے ہم عرض کریں گے کہ اس پر صرف فقہائے امت ہی کا اتفاق و اجماع نہیں ہے، بلکہ صحابۂ کرام کا بھی اجماع ہے۔ چناں چہ ’’فقہ السنۃ ‘‘ کے فاضل مصنف سید سابق مصری رحمہ اللہ لکھتے ہیں: ودیۃ المرأۃ، إذا قتلت خطأ، نصف دیۃ الرجل وکذلک دیۃ أطرافھا، وجراحاتھا علی النصف من دیۃ الرجل وجراحاتہ۔ وإلیٰ ھذا ذھب أکثر أھل العلم۔ فقد روي عن عمررضی اللّٰہ عنہ، وعلي کرم اللّٰہ وجھہ، وابن مسعود رضی اللّٰہ عنہ، و زید بن ثابت رضی اللّٰہ عنھما، أنھم قالوا في دیۃ المرأۃ: أنھا علی النصف من دیۃ الرجل، ولم ینقل أنہ أنکر علیھم أحد فیکون إجماعاً، ولأن المرأۃ في میراثھا وشھادتھا علی النصف من الرجل [1] اہلِ علم کے لیے اس ترجمے کی ضرورت نہیں ہے۔ اس میں بھی مرد و عورت کی دیت میں فرق کو دلائلِ شرعیہ کی روشنی میں عقلی طور پر صحیح قرار دینے کے علاوہ اس میں اجماعِ صحابہ کی بھی وضاحت ہے۔ اس تفصیل سے واضح ہے کہ عمار صاحب کا یہ دعویٰ کہ ’’یہ فرق کسی مستند روایت سے ثابت نہیں ‘‘ صحیح نہیں ہے۔ روایات کے ضعف کے باوجود شواہد کی بنیاد پر ان روایات کو قابلِ حجت تسلیم کیا گیا ہے، اسی لیے تمام فقہا کا اتفاق اور اہلِ علم کا اجماع ہے۔ آخر کسی دلیل شرعی کے بغیر یہ اتفاق و اجماع کیوں کر ممکن ہے؟ علاوہ ازیں سب سے بڑھ کر صحابۂ کرام کا اجماع ہے، جس سے انحراف کفر و الحاد ہے، کیوں کہ یہ﴿وَ یَتَّبِعْ غَیْرَ سَبِیْلِ الْمُؤمِنِیْنَ نُوَلِّہٖ مَاتَوَلّٰی﴾ (النساء: 115) کا مصداق بننا ہے۔ مزید دو بے بنیاد دعوے یا اتہام: عمار صاحب کے اگلے دو پیرے ملاحظہ ہوں، ان میں مزید دو بے بنیاد دعوے کیے گئے ہیں: ’’2۔ قرآن مجید نے دیت کے معاملے میں ’’معروف ‘‘ کی پیروی کا حکم دیا ہے، جس سے مراد ہر معاشرے کا اپنا معروف ہے۔
[1] فقہ السنۃ :۲/ ۴۷۵۔ ۴۷۶، طبع ۱۹۸۳ء