کتاب: فکر فراہی اور اس کے گمراہ کن اثرات - صفحہ 258
مرتکبین کو شامل نہیں کیا۔ کیوں؟ اس لیے کہ زنا کاری تو ایک خفیہ کارروائی ہے، اس سے فساد فی الارض کس طرح برپا ہوگا؟ فساد فی الارض تو ایسے منظم جتھے سے پھیلتا ہے، جس کے پاس کچھ قوت و طاقت ہو جس کی وجہ سے وہ حکومت کے لیے یا عوام کے جان و مال کے لیے چیلنج بن جائے۔ ہمارے ملک میں قحبہ خانے کھلے ہوئے ہیں، وہاں پیشہ ور عورتیں بدکاری کرواتی ہیں۔ مرد بھی وہاں جاکر اس جرم کا ارتکاب کرتے ہیں۔ ایسے لوگوں کو نہ اوباش اور آوارہ منش کہا جاتا ہے اور نہ ان سے زمین میں فساد پھیلتا ہے، پھر ان کو محاربین قرار دے کر کس طرح ان پر محاربہ کی سزا نافذ کی جا سکتی ہے؟ خیال رہے قحبہ عورتیں غارت گرِ دین و ایمان یقیناً ہیں، راہزنِ تمکین و ہوش بھی ہیں۔ علاوہ ازیں اﷲ کی نافرمانی کی وجہ سے ان کا عملِ بدکاری زمین میں فساد اور بگاڑ کا بھی یقیناً باعث ہے، جس کی اجازت ایک اسلامی ملک میں نہیں دی جا سکتی، لیکن محاربین کا فساد فی الارض اور نوعیت کا ہے، اس سے ملک میں لا اینڈ آرڈر کا مسئلہ پید اہوجاتا ہے، راستے پُرخطر ہوجاتے ہیں، حکومت کمزور ہو تو ملک کی سالمیت و بقا بھی داؤ پر لگ جاتی ہے، اسی لیے اس جرم کی سخت سزا مقرر کی گئی ہے۔ اس کے برعکس گناہوں اور معصیت کاری سے جو فساد فی الارض رونما ہوتا ہے، اس کی نوعیت حرابے کے فساد سے یکسر مختلف ہے، اسی لیے شریعت نے ان دونوں فسادوں کا حکم ایک ہی بیان نہیں کیا ہے۔ پھر سب سے بڑھ کر یہ سوال ہے کہ محاربہ کی سزا ’’رجم ‘‘ آج تک اس گروہ سے پہلے کسی نے بیان کی ہے؟ یہ کہنا کہ تقتیل مبالغے کا صیغہ ہے، جس کا مطلب ہے برے طریقے سے قتل کرنا، اس لیے رجم بھی اس کے مفہوم میں شامل ہے، لیکن یہ گروہ عرب کے جاہلی ادب کو قرآن فہمی میں سب سے زیادہ اہمیت دیتا ہے۔ جاہلی ادب سے کوئی ایک مثال پیش کر کے دکھائیں کہ کسی شاعر نے یا کسی بڑے ادیب نے ’’تقتیل ‘‘ کو رجم کے معنی میں استعمال کیا ہے۔ محض ایک گروہ کے تحکم اور دھاندلی سے تو ’’تقتیل ‘‘ کا معنی رجم نہیں ہوسکتا۔ یہ قرآن کا لفظ ہے جسے چودہ سو سال سے علما، فقہا اور ائمہ محدثین پڑھتے، اس کی تفسیر و وضاحت کرتے آئے ہیں، آخر کس نے اس کا معنی رجم کیا ہے؟ یا یہ کہا ہے کہ اس کے مفہوم میں رجم بھی آسکتا ہے؟ اسی طرح یہ عربی زبان کا لفظ ہے، عربی لغت میں، عرب کے اہلِ کلام میں، عرب کے دیوانِ جاہلیت میں اس کا معنی کسی نے رجم کیا ہے یا رجم کو اس کے مفہوم میں شامل کیا ہے؟