کتاب: فہم دین کے تین بنیادی اصول - صفحہ 71
[1]دین کے تین مراتب[2] ہیں : ۱ ۔ اسلام ۲۔ ایمان ۳۔ احسان ان میں سے ہر مرتبہ کے ارکان[3]ہیں ۔ 1.اسلام:…اسلام کے پانچ ارکان ہیں: [4] ٭ شہادت دینا کہ اﷲتعالیٰ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں [5]او رحضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم اﷲکے رسول ہیں ۔ ٭ نماز قائم کرنا ۔ ٭ زکوٰۃ ادا کرنا۔ ٭ بیت الحرام کا حج کرنا ۔ ٭ رمضان کے روزے رکھنا۔ [شہادت کی دلیل]اﷲتعالیٰ کا فرمان ہے : ﴿شَہِدَ اللّٰہُ أَنَّہُ لَآ اِلَہَ اِلَّا ہُوَ وَالْمَلٰئِکَۃُ وَاُولُوا الْعِلْمِ قَآئِمًا بِالْقِسْطِ لَآ اِلٰہَ اِلَّا ہُوَ الْعَزِ یْزُ الْحَکِیْمُ ﴾ (آل عمران:18 )
[1] [بقیہ حاشیہ] ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دشمنی اور بیزاری پیدا ہوچکے ہیں تا آنکہ تم اکیلیاﷲتعالیٰ پر ایمان لے آؤ۔‘‘ [2] مؤلف رحمۃ اللہ علیہ نے بتایا ہے کہ دین اسلام کے تین مراتب ہیں : ایمان اسلام اور احسان ۔ ان میں سے بعض کا مقام دوسرے مراتب سے بلند ہے۔ [3] اس کی دلیل وہ حدیث ہے جسے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نے نقل کیا ہے۔ اُس حدیث میں اسلام ایمان اور احسان کے بارے میں سوال تھے۔جو جبریل امین نے پوچھے تھے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کا جواب دیا تھا اور فرمایا تھا: ’’یہ جبرائیل امین تشریف لائے تھے تاکہ لوگوں کو ان کا دین سکھائیں ۔‘‘ [سبقہ تخریجہ] [4] اس کی دلیل حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما کی روایت کردہ حدیث ہے۔آپ فرماتے ہیں :رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’دین اسلام کی بنیاد پانچ چیزوں پرہے:’’ یہ گواہی دینا کہ اﷲتعالیٰ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں او رحضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم اﷲکے رسول ہیں ۔ؤ نماز قائم کرنا ۔ؤ زکوٰۃ ادا کرنا۔ ؤ بیت الحرام کا حج کرنا ۔ؤ رمضان کے روزے رکھنا۔‘‘ [رواہ البخار ی:8۔ مسلم :16 ] [5] یہاں پر ’’لا إلہ إلا اللّٰہ‘‘اور ’’محمد رسول اللّٰہ‘‘کو دو ارکان ہونے کے باوجود ایک ہی رکن یعنی شہادتین کا اقرار شمار کیا گیا ہے۔ اس لیے کہ[ اب اس امت میں ] عبادت کی قبولیت کا دار مدار بیک وقت ان دونوں گواہیوں کی درستگی پرہے۔کیونکہ اللہ تعالیٰ کے لیے اخلاص اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت کے بغیر کوئی بھی اطاعت قبول نہیں ہوتی۔ پس ’’لا إلٰہ إلا اللّٰہ ‘‘پراللہ تعالیٰ کے لیے اخلاص کا انحصار ہے۔ اور ’’محمد رسول اللّٰہ‘‘کے اقرار پر اطاعت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا انحصار ہے۔