کتاب: فہم دین کے تین بنیادی اصول - صفحہ 27
پہلااصول :… اللہ تعالیٰ کی معرفت اللہ تعالیٰ آپ پر رحم فرمائے!جان لیجیے کہ ہر مسلمان مرد و عورت پر ان تین مسائل کا سیکھنا اور ان کے مطابق عمل کرنا واجب ہوتا ہے : پہلا مسئلہ:… بیشک اللہ تعالیٰ نے ہمیں پیدا کیا ہے۔[1]
[1] یعنی اللہ تعالیٰ نے ہمیں پیدا کیا ہے اس پر سمعی(نقلی)وعقلی دلائل موجود ہیں ۔ جہاں تک سمعی(نقلی) دلائل کا تعلق ہے تو اس قسم کے دلائل بہت زیادہ ہیں ۔مثلاً اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:﴿ہُوَ الَّذِیْ خَلَقَکُمْ مِّنْ طِیْنٍ ثُمَّ قَضٰٓی اَجَلًا وَ اَجَلٌ مُّسَمًّی عِنْدَہٗ ثُمَّ اَنْتُمْ تَمْتَرُوْنَ﴾ (الانعام:2)’’ وہ ایسا ہے جس نے تم کو مٹی سے بنایا پھر ایک وقت معین کیااور دوسرا معین وقت خاص اللہ ہی کے نزدیک ہے، پھر بھی تم شک کرتے ہو۔‘‘ اوراللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:﴿وَلَقَدْ خَلَقْنٰکُمْ ثُمَّ صَوَّرْنٰکُمْ﴾ (الاعراف:11) ’’اوربیشک ہم نے تم کو پیدا کیا، پھر ہم نے تمہاری صورت بنائی۔‘‘ نیزاللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:﴿وَ لَقَدْ خَلَقْنَا الْاِنْسَانَ مِنْ صَلْصَالٍ مِّنْ حَمَاٍ مَّسْنُوْنِ﴾ (الحجر: 26) ’’ یقینا ہم نے انسان کو کالی اور سڑی ہوئی کھنکھناتی مٹی سے پیدا فرمایا ہے۔‘‘ اور اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:﴿وَ مِنْ اٰیٰتِہٖٓ اَنْ خَلَقَکُمْ مِّنْ تُرَابٍ ثُمَّ اِذَآ اَنْتُمْ بَشَرٌ تَنْتَشِرُوْنَ﴾ (الروم:20)’’ اللہ تعالیٰ کی نشانیوں میں سے ہے کہ اس نے تم کو مٹی سے پیدا کیا پھر اب انسان بن کر (چلتے پھرتے )پھیل رہے ہو۔‘‘نیز اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: ﴿خَلَقَ الْاِِنسَانَ مِنْ صَلْصَالٍ کَالْفَخَّارِ﴾ (الرحمن: 14) ’’ اس نے انسان کو بجنے والی مٹی سے پیدا کیا جو ٹھیکری کی طرح تھی۔‘‘ اور اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:﴿ اَللّٰہُ خَالِقُ کُلِّ شَیْئٍ وَّہُوَ عَلٰی کُلِّ شَیْئٍ وَّکِیلٌ﴾ (الزمر:62) ’’اللہ تعالیٰ ہرچیز کے پیدا کرنے والے ہیں اور وہی ہرچیز پر نگہبان ہیں ۔‘‘ اور اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:﴿وَاللّٰہُ خَلَقَکُمْ وَمَا تَعْمَلُوْنَ﴾ (الصافات :96) ’’ تمہیں اور تمہارے اعمال کو اللہ تعالیٰ ہی نے پیدا کیا ہے۔‘‘……[حاشیہ جاری ہے]