کتاب: فضائل قرآن مجید - صفحہ 71
رحمت اور عذاب کے فرشتوں نے اس کی روح قبض کرنے کے معاملہ میں جھگڑا کیا تو اللہ تعالیٰ نے فرشتوں کوحکم دیا کہ ’’دونوں بستیوں کا فاصلہ دیکھو اگر نیک لوگوں کی بستی قریب ہے تو رحمت کے فرشتے روح قبض کریں اگر گناہ گاروں کی بستی قریب ہے تو عذاب کے فرشتے روح قبض کریں اور ساتھ ہی اللہ تعالیٰ نے نیک لوگوں کی بستی کو حکم دیا ’’ تَقَرِّبِی‘‘(تو قریب ہو جا) اور گناہ گاروں کی بستی کو حکم دیا ’’تَبَاعَدِیْ‘‘(تو دور ہو جا) فرشتوں نے دونوں طرف کا فاصلہ دیکھا تو نیک لوگوں کی بستی بالشت بھر قریب نکلی۔ ‘‘ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں ’’فَغُفِرَلَہٗ‘‘ چنانچہ اس کے سارے گناہ اللہ نے معاف فردیئے۔ (بخاری ومسلم) پڑھاپے کی عمر میں خلوص دل سے قرآن مجید پڑھنے کی ابتداء کرنے سے اگر گزشتہ زندگی کے سارے گناہ اللہ تعالیٰ معاف فرمادیں تو کون سا برا سودا ہے؟ 13 پنجسورے اور دیگر کتب وظائف: ہر آدمی قدرتی طور پر کم سے کم وقت اور کم سے کم محنت میں زیادہ سے زیادہ فوائد سمیٹنا چاہتا ہے اسی خواہش کی بناء پر ہمارے ہاں پنجسوروں اور اوراد وظائف پر مشتمل کتب کا رواج بہت عام ہو چکا ہے۔ لوگ ایسی کتب کا باقاعدگی سے اس طرح مطالعہ کرتے ہیں جس طرح قرآن مجید کی تلاوت کرنی چاہئے۔ ہمارے نزدیک ایسی کتب کا دہرا نقصان ہے۔ اولاً : ان کتب میں جہاں صحیح احادیث سے ثابت شدہ فضائل والی سورتیں ، آیات اوردیگر اورادو وظائف دیئے ہوتے ہیں وہاں اکثر وبیشتر سورتیں ، آیات اور اوراد ووظائف ایسے ہوتے ہیں جن کے فضائل کی احادیث ضعیف یا موضوع ہوتی ہیں۔ ضعیف یا موضوع احادیث سے ثابت شدہ فضائل والی سورتوں یا اوراد ووظائف کو معمول بنانا کارلا حاصل ہے۔ بلاشبہ قرآن مجید کی سورتوں کی تلاوت کا ثواب اپنی جگہ لیکن جن فضائل یا فوائد کو ذہن میں رکھ کر سورتوں کی تلاوت کی جائے گی ان فضائل سے تو پڑھنے والا محروم ہی رہے گا۔ ثانیاً : پنجسوروں اور ایسی ہی دیگر کتب کو روزانہ باقاعدگی سے پڑھنے والے حضرات قرآن مجید کو ہاتھ لگانے کی ضرورت محسوس نہیں کرتے یہ نقصان پہلے نقصان سے بھی بڑا ہے۔ بعض دینی جماعتیں اپنے اپنے اہداف کے مطابق کارکنان کے لئے منتخب سورتوں کا سلیبس تیار