کتاب: فضائل قرآن مجید - صفحہ 67
کھیت،مویشی، بھیڑ،بکریاں،گائے،اونٹ اور پرندے وغیرہ۔غور فرمایئے!دنیامیں کوئی جاہل سے جاہل انسان ایسابھی ہوسکتا ہے جو یہ کہے کہ میں نے تو کبھی زمین وآسمان نہیں دیکھے یا ہوامیں اڑتے ہوئے پرندے نہیں دیکھے یا بھیڑ بکریاں اور گائے،اونٹ نہیں دیکھے یا دودھ اور شہد سے ناواقف ہوں۔حقیقت یہ ہے کہ قرآن مجید کو شروع سے لے کر آخر تک پڑھ ڈالئے کہیں بھی آپ کو کوئی ایک آیت ایسی نہیں ملے گی جس کا تعلق انسان کی ہدایت سے ہواور وہ عام آدمی کی عقل اور فہم سے بالاہو۔نزول قرآن کے وقت کفار مکہ نے بے شمار اعتراضات کئے،لیکن یہ اعتراض کبھی نہ کرسکے کہ یہ کتاب ہماری سمجھ سے بالاہے یا اسے تو صرف ہمارے خاص پڑھے لکھے لوگ ہی سمجھ پاتے ہیں۔قرآن مجید کے بارے میں اللہ سبحانہ وتعالیٰ کا ارشاد بالکل برحق اور سچ ہے﴿وَلَقَدْ یَسَّرْنَا الْقُرْآنَ لِلذِّکْرِ فَہَلْ مِنْ مُّدَّکِرٍ﴾ترجمہ:’’ہم نے اس قرآن مجید کو سمجھنے کے لئے آسان بنا یاہے پھر ہے کوئی جو اس پر غور کرے؟‘‘ (سورہ القمر،آیت نمبر17) دراصل قرآن مجید کے مشکل ہونے کا پروپیگنڈہ صرف دین خانقاہی کے علمبرداروں نے کر رکھاہے جن کے’’دین‘‘کی ساری تعلیمات قرآنی تعلیمات کے برعکس ہیں۔
بزرگوں کے فوت ہونے کے بعد قبر میں ان کے زندہ ہونے کا عقیدہ،اپنے مریدوں کی دعاء اور پکار سننے کا عقیدہ اور انہیں فیض پہنچانے کا عقیدہ ،ان کی حاجتیں اور مرادیں پوری کرنے کا عقیدہ، مشکلات اور مصائب میں ان کی مدد کرنے کا عقیدہ،اللہ کے ہاں سفارش کرنے اور اپنے مریدوں کو بخشوانے کا عقیدہ، بیماری سے شفاء حاصل کرنے کے لئے ان کے مزاروں سے خاک شفاء حاصل کرنا،مزاروں پر دھاگے باندھنا،ان کے نام کی نذریں نیازیں دینا،چراغاں کرنا،پھولوں کی چادریں چڑھانا،قبروں کو بوسہ دینا،قبروں کے آگے جھکنا اور سجدے کرنا،قبروں کو غسل دینا اور ان کے ایصال ثواب کے لئے برسیاں منانا، عرس لگانا،میلوں ٹھیلوں کا اہتمام کرنا، مُردوں کے لئے رسم قل،رسم سوئم،ساتواں، دسواں وغیرہ منانا، قرآن خوانی کرنا،سید عبدالقادر جیلانی رحمہ اللہ کے نام کی گیارہویں دینا،یہ تمام افعال ایسے ہیں جن کا کتاب وسنت سے دور کا بھی واسطہ نہیں۔اس لئے دین خانقاہی کے علمبردارقرآن مجید کو ایک مشکل کتاب کہہ کر لوگوں کو اس کی تعلیمات سے دور رکھنا چاہتے ہیں۔ نظام خانقاہی کے علمبردار خوب جانتے ہیں کہ جیسے جیسے قرآن مجید کی تعلیمات عام ہوں گی دین خانقاہی کاساراکاروبار اپنے آپ زمین بوس ہوتا نظر آئے گا۔