کتاب: فضائل قرآن مجید - صفحہ 6
دماغ پر جس نے سب سے پہلے قرآن مجید حفظ کیا ، ان گنت درود وسلام اس نطق مبارک پر جس نے قرآن مجید امت کو سنایا اور پڑھایا…… وہ قرآن جو سرتاسر روشنی اور ہدایت ہے ، جو سرتاسر برکت اور رحمت ہے ، جو سرتاسر حق اور سچ ہے۔ اے دنیا بھر کے لوگو سنو ! قرآن مجید نازل فرمانے والے رب العالمین نے وعدہ فرمایا ہے: ﴿ فَمَنِ اتَّبَعَ ہُدَایَ فَلاَ یَضِلُّ وَ لاَ یَشْقٰی﴾(123:20) ’’جو شخص میری ہدایت کی پیروی کرے گا وہ گمراہ ہوگا نہ بدبختی میں مبتلا ہوگا۔‘‘ (سورہ طٰہٰ ، آیت 123) پس اے دنیا بھر کے لوگو! جو ایمان و یقین کے طالب ہو، ہدایت اور رحمت کے محتاج ہو ، سکون اور سکینت کے متلاشی ہو، مصائب و آلام اور رنج و غم میں مبتلا ہو، بیماریوں ، پریشانیوں اور دکھوں میں زندگی بسر کررہے ہو ، خوف اور بھوک کے عذاب سے دوچار ہو ، امن و سلامتی سے محروم ہو، خوشحالی اور آسودگی کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھاتے پھرتے ہو، ذلت اور رسوائی کو اپنا مقدر سمجھے ہوئے ہو……! ذرا کان لگا کر قرآن مجید کی پکار سنو !