کتاب: فضائل قرآن مجید - صفحہ 38
کرسکتے ہیں۔ نصرت اور پناہ طلب کرنے والوں کواللہ تعالیٰ نصرت اور پناہ عطا فرماتے ہیں۔
جادو کا اثر زائل کرنا دراصل شیطان جن کو مغلوب کرنا ہے جو اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی نصرت او رپناہ کے بغیر ممکن نہیں ، لہٰذا جادو کا اثر ختم کرنے کے لئے درج ذیل قرآنی سورتیں اور آیات پڑھ کر اللہ سبحانہ و تعالیٰ سے نصرت او رپناہ طلب کرنی چاہئے : [1]
1: تعوذ ، (ابوداؤد)
2: بسم اللہ الرحمن الرحیم (مسلم، ترمذی ، ابوداؤد)
3: سورہ الفاتحہ (ابوداؤد)
4: سورہ البقرہ (مسلم ، ترمذی)
5: سورہ البقرہ کی آخری دو آیات (بخاری)
:6 آیۃ الکرسی (بخاری)
7: سورہ الاخلاص (ابوداؤد، نسائی)
8: سورہ الفلق، سورہ الناس (ابوداؤد، ترمذی،نسائی، طبرانی)
قارئین کرام ! ہمارا ایمان ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے روحانی اور جسمانی بیماریوں کے لئے مذکورہ سورتوں اور آیات کے جو فضائل اور فوائد بتائے ہیں وہ اتنے ہی یقینی ہیں جتنی کہ ہماری موت یقینی ہے۔ ادویات سے بیماریوں کا علاج تو محض ایک جائز وسیلہ ہے اصل بات تو اللہ تعالیٰ کا امرہے۔ اس بات کا مشاہدہ ہر آدمی کرتا ہے کہ ایک دوا سے مریض کو صحت حاصل ہوتی ہے لیکن دوسری باروہی دوا اسی مرض اور اسی مریض کے لئے بے اثر ہوجاتی ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ جب اللہ تعالیٰ کا امر ہوتا ہے وہ دوا شفا دیتی ہے جب اللہ تعالیٰ کا امر نہیں ہوتا تو شفاء حاصل نہیں ہوتی ، لہٰذا بنیادی بات تو یہ ایمان ہے کہ ﴿اِذَا مَرِضْتُ فَہُوَ یَشْفِیْنِ،﴾ترجمہ : ’’جب میں بیمار ہوتا ہوں تو وہی مجھے شفا دیتا ہے۔‘‘ (سورہ الشعراء، آیت نمبر80)
آج ہر گھر کے ہر فرد کی سب سے بڑی بیماری ذہنی پریشانی ، بے قراری ، اضطراب اور ڈپریشن ہے۔
[1] قرآنی سورتوں اور آیات کے علاوہ شیاطین کے شرور و فتن سے اللہ تعالیٰ کی پناہ طلب کرنے کے لئے مسنون دعائوں کا اہتمام بھی کرنا چاہئے ۔ مسنون دعائوں کے لئے ملاحظہ ہو تفہیم السنۃ ، کتاب الدعا…’’ پناہ مانگنے کی دعائیں‘‘.