کتاب: فضائل قرآن مجید - صفحہ 34
3: ﴿ قُلْ ہُوَ لِلَّذِیْنَ اٰمَنُوْا ہُدًی وَّ شِفَآئٌ ﴾(44:41) ’’اے محمد! کہو یہ قرآن ایمان لانے والوں کے لئے ہدایت اور شفا ہے۔‘‘ (سورہ حٰمٓ السجدہ، آیت نمبر44) قرآن مجید انسان کی تمام روحانی بیماریوں مثلاً شرک، کفر، نفاق، ریا، حسد، بغض ، کینہ ،عداوت وغیرہ کے لئے تو بدرجہ اولیٰ شفاہے۔ جیسا کہ سورہ یونس کی آیت میں وضاحت کے ساتھ موجود ہے ، لیکن سورہ بنی اسرائیل اور سورہ حم السجدہ کی آیات میں قرآن مجید کو مطلق شفا ارشاد فرمایاگیا ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ قرآن مجید جسمانی بیماریوں کے لئے بھی شفا ہے۔ بہت سی احادیث بھی اس کی تصدیق کرتی ہیں۔ روحانی بیماریوں کے لئے شفا کا ذکر تو گزشتہ صفحات میں ’’قرآن مجید سرتاسر ہدایت ہے‘‘ کے عنوان سے ہو چکا ہے۔اب ان سطور میں ہم جسمانی بیماریوں کے لئے شفا کا ذکر کریں گے۔ اگرچہ بعض اہل علم نے قرآنی آیات کے مفہوم اور ذاتی تجربات کے حوالہ سے قرآن مجید کی بہت سی آیات کو بے شمار امراض کا علاج بتایا ہے جس کی ہم نہ تردید کرتے ہیں نہ تائید ، البتہ ہم یہاں صرف ایسے امراض کا ذکر کریں گے جن کا علاج احادیث صحیحہ سے ثابت ہے۔ 1: دل کے امراض کا علاج: دل کے مختلف امراض مثلاً دل کا تیز دھڑکنا (اختلاج قلب)، پژمردگی اور اضطراب قلب دو رکرنے کے لئے قرآن مجید کی بکثرت تلاوت کرنی چاہئے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے : ﴿ اَلاَ بِذِکْرِ اللّٰہِ تَطْمَئِنُّ الْقُلُوْبُ ﴾ ’’آگاہ رہو کہ دلوں کا اطمینان اللہ کے ذکر سے ہے۔‘‘ (سورۃ الرعد، آیت نمبر28) نیز آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد مبارک ہے ’’قرآن مجید پڑھنے والو ں پر اللہ تعالیٰ کی سکینت نازل ہوتی ہے۔‘‘ (مسلم)لہٰذا قرآن مجید کی بکثرت تلاوت دل کی تمام بیماریوں کے لئے صحت بخش ہے۔ 2: زہریلے جانور کے کاٹے کا علاج: زہریلے جانوروں کے کاٹنے کی صورت میں سورہ فاتحہ پڑھ کر دم کرنا چاہئے۔ (بخاری)نیز سورہ الکافرو ن اور معوذتین پڑھ کر دم کرنا چاہئے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بچھو کے کاٹنے پر اس جگہ کو نمک ملے پانی سے دھویا اور سورہ الکافرون اور معوذتین پڑھ کر اس وقت تک دم فرماتے رہے جب تک آرام نہیں آیا۔ (طبرانی)