کتاب: فضائل قرآن مجید - صفحہ 25
سمیت کائنات کی ہر چیز کو پیدا کیا ہے۔ میں نے قرآن مجید کا دوبارہ مطالعہ شروع کیا۔ اب میرے سامنے مسلمان ہوئے بغیر کوئی چارہ نہ تھا، چنانچہ شرح صدر کے ساتھ کلمہ پڑھا اور مسلمان ہوگیا۔ 4: برطانیہ میں پیدا ہونے والے کیٹ سٹیونرز جو اسلام قبول کرنے کے بعد یوسف اسلام کے نام سے معروف ہوئے، مشہور موسیقار اور پاپ سنگر تھے۔ قرآن مجید سے ان کا رابطہ اپنے بڑے بھائی ڈیوڈ کے ذریعہ ہوا جو مقامات مقدسہ کی غرض سے بیت المقدس گئے اور واپس آکر قرآن مجید کا انگریزی ترجمہ خرید کراپنے بھائی کو تحفہ کے طور پر دیا۔ یوسف اسلام کہتے ہیں ’’میں نے قرآن مجید کا مطالعہ شروع کیا ، جوں جوں آگے بڑھتا گیا مایوسی اور اداسی کاپردہ چاک ہوتا گیا۔ رفتہ رفتہ زندگی کا ایک واضح مفہوم میری سمجھ میں آنے لگا میں جس حقیقت کے حصول کے لئے بھٹک رہا تھا وہ قرآن مجید کے مطالعہ سے حاصل ہوگئی۔ شک کے سارے کانٹے ایک ایک کرکے نکل گئے۔ مجھے قرآن مجید میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام بھی نظر آئے جن کی صرف ایک ہی تصویر قرآن مجیدنے پیش کی ہے کہ وہ اللہ کے بندے اور اس کے رسول تھے، نہ خدا تھے ، نہ خدا کے بیٹے۔ مجھے قرآن مجید میں حضرت ابراہیم علیہ السلام بھی نظر آئے جنہوں نے اللہ کی خوشنودی کے لئے اپنے بیٹے کی قربانی پیش کرنے سے دریغ نہیں کیا ، میں ڈیڑھ سال تک قرآن مجید کو بار بار پڑھتا رہا۔ مجھے یوں محسوس ہورہاتھا کہ شاید میں اس قرآن کے لئے پیدا کیا گیا ہوں اور یہ قرآن میرے لئے نازل ہوا ہے۔ میں اب تک کسی مسلمان سے نہیں ملا تھا لیکن مجھے احساس ہونے لگا کہ مجھے یا تو جلد ہی مکمل طور پرایمان لے آنا ہوگا یا موسیقی کے دھندے میں پھنسا رہنا ہوگا۔ یہ کشمکش کا وقت میرے لئے بڑا کٹھن تھا۔ آخر ایک روز کسی نے میرے سامنے لندن کی نئی مسجد کا ذکر کیا۔ یہ جمعہ کا دن تھا، میرے قدم خود بخود مسجد کی طرف اٹھنے لگے۔ نماز جمعہ کے بعد میں نے قبول اسلام کا اعلان کیا اور یوں مسلمانوں کی عظیم برداری سے میرا تعلق قائم ہوگیا۔[1] 5: محترمہ پولی این امریکہ میں پیدا ہوئیں۔کیمیکل انجینئرنگ میں ڈگری حاصل کی عملی زندگی اختیار کی تو ایک روز کسی مسلمان ہمسائی نے قرآن مجید کا انگریزی ترجمہ پڑھنے کے لئے دیا۔پولی این نے یہ ’’کتاب‘‘ لے کر شیلف پر رکھ دی ، کبھی کبھار اسے دیکھ لیتی۔ قرآن مجید میں انبیاء کے واقعات دیکھ کر
[1] مذکورہ چاروں واقعات ڈاکٹر عبدالغنی فاروق،کی مؤقر کتاب ’’ہم مسلمان کیوں ہوئے‘‘سے لئے گئے ہیں.