کتاب: فضائل قرآن مجید - صفحہ 175
مسئلہ 184: سورہ اِخلاص پڑھنے والوں سے اللہ تعالیٰ محبت فرماتے ہیں۔
عَنْ عَائِشَۃَ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہَا اَنَّ رَسُوْلَ اللّٰہِ بَعَثَ رَجُلاً عَلٰی سَرِیَّۃٍ وَ کَان َ یَقْرَأُ لِاَصْحَابِہٖ فِیْ صَلاَ تِہِمْ فَیَخْتِمُ ﴿ قُلْ ہُوَ اللّٰہُ اَحَدٌ ﴾ فَلَمَّا رَجَعُوْا ذُکِرَ ذٰلِکَ لِرَسُوْلِ اللّٰہِ صلی اللّٰه علیہ وسلم فَقَالَ ((سَلُوْہُ ، لِاَیِّ شَیْئٍ یَصْنَعُ ذٰلِکَ )) فَسَأَلُوْہُ ، فَقَالَ لِاَنَّہَا صِفَۃُ الرَّحْمٰنِ ، فَاَنَا اُحِبُّ اَنْ اَقْرَأَ بِہَا ، فَقَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللّٰه علیہ وسلم ((اَخْبِرُوْہُ اَنَّ اللّٰہَ یُحِبُّہٗ )) رَوَاہُ مُسْلِمٌ[1]
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک شخص کی قیادت میں لشکر بھیجا وہ صاحب جب نماز پڑھاتے تو اپنی قرأت سورہ الاخلاص پر ختم کرتے ، جب لشکر واپس آیا تولوگوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اس کا ذکر کیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ’’ا س سے دریافت کرو ، وہ ایسا کیوں کرتا رہا؟‘‘ لوگوں نے اس سے دریافت کیا ، تو اس نے جواب دیا ’’ یہ سورہ ، رحمن کی صفت بیان کرتی ہے ، لہٰذا میں اسے پڑھنا پسند کرتا ہوں۔‘‘ (یہ جواب سن کر) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’اسے آگاہ کردو کہ اللہ تعالیٰ اس سے محبت کرتا ہے۔‘‘ اسے مسلم نے روایت کیا ہے۔
مسئلہ 185: ایک مرتبہ سورہ اِخلاص پڑھنے کا ثواب ایک تہائی قرآن کے برابر ہے۔
مسئلہ 186: رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے روزانہ رات سونے سے پہلے سورہ اخلاص پڑھنے کی ترغیب دلائی ہے۔
عَنْ اَبِی الدَّرْدَائِ رضی اللّٰه عنہ عَنِ النَّبِیِّ صلی اللّٰه علیہ وسلم قَالَ ((أَ یَعْجِزُ اَحَدُکُمْ اَنْ یَقْرَأَ فِیْ لَیْلَۃٍ ثُلُثَ الْقُرْآنِ؟)) قَالُوْا : وَ کَیْفَ یَقْرَأْ ثُلُثَ الْقُرْآنِ ؟ قَالَ (( ﴿ قُلْ ہُوَ اللّٰہُ اَحَدٌ ﴾ تَعْدِلُ ثُلُثَ الْقُرْآنِ )) رَوَاہُ مُسْلِمٌ[2]
حضرت ابو درداء رضی اللہ عنہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’کیا تمہارے لئے ممکن نہیں کہ روزانہ رات کے وقت ایک تہائی قرآن پڑھ لیا کرو؟‘‘ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے عرض کیا ’’ایک تہائی قرآن ہم کیسے پڑھ سکتے ہیں ؟‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ’’سورہ الاخلاص ﴿ قُلْ ہُوَ اللّٰہُ اَحَدٌ﴾ تہائی قرآن کے برابر ہے۔‘‘ اسے مسلم نے روایت کیا ہے۔
[1] کتاب صلاۃ المسافرین ، ابواب فضائل القرآن، باب فضل قرأۃ ﴿قل ہو اللّٰه احد﴾، رقم الحدیث 1347.
[2] کتاب صلاۃ المسافرین ، ابواب فضائل القرآن، باب فضل قرأۃ ﴿قل ہو اللّٰه احد﴾، رقم الحدیث 1344.