کتاب: فضائل قرآن مجید - صفحہ 172
مسئلہ 177: رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نماز عیدین اور نماز جمعہ کی پہلی رکعت میں سورہ الاعلیٰ اور دوسری رکعت میں سورہ الغاشیہ کی تلاوت فرمایا کرتے تھے۔
وضاحت : حدیث مسئلہ نمبر175 کے تحت ملاحظہ فرمائیں۔
٭٭٭
(23) فَضَائِلُ سُوْرَۃِ الْکٰفِرُوْنَ
سورہ الکافرون کی فضیلت
مسئلہ 178: ایک مرتبہ سورہ الکافرون پڑھنے کا ثواب ایک چوتھائی قرآن مجید پڑھنے کے برابر ہے۔
عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُمَا قَالَ : قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ ا(( ﴿اِذَا زُلْزِلَتْ ﴾ تَعْدِلُ نِصْفَ الْقُرْآنِ وَ ﴿ قُلْ ہُوَ اللّٰہُ اَحَدٌ ﴾ تَعْدِلُ ثُلُثَ الْقُرْآنِ وَ ﴿ قُلْ یٰٓاَیُّہَا الْکٰفِرُوْنَ ﴾ تَعْدِلُ رُبُعَ الْقُرْآنِ )) رَوَاہُ التِّرْمِذِیُّ[1] (صحیح)
حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’سورہ زلزال نصف قرآن کے برابر ہے ، سورہ الاخلاص ایک تہائی کے برابر ہے اور سورہ الکافرون ایک چوتھائی قرآن کے برابر ہے۔‘‘ اسے ترمذی نے روایت کیا ہے۔
وضاحت : 1.مذکورہ بالا حدیث میں سورہ زلزال کی فضیلت کا حصہ ضعیف ہے باقی صحیح ہے۔ ملاحظہ ہو صحیح سنن الترمذی، للالبانی ، الجزء الثالث رقم الحدیث 2318
2: سورہ کافرون کی تلاوت کرنے سے یقینا ایک چوتھائی قرآن مجید کی تلاوت کا ثواب مل جاتا ہے یا سورہ اخلاص کی تلاوت کرنے سے ایک تہائی قرآن مجید کی تلاوت کا ثواب مل جاتا ہے ، لیکن قرآن مجید کی باقاعدہ تلاوت سے قاری کو جو فوائد حاصل ہوتے ہیں مثلاً ایمان میں اضافہ ہونا، تقویٰ اور نیکی میں اضافہ ہونا، اللہ کا ڈر پیدا ہونا ، جنت کی طلب او رجہنم کی پناہ کی فکر کرنا، مسائل اور احکام سے آگاہ ہونا وغیرہ ان تمام فوائد سے قاری محروم رہتا ہے۔ پس یہ برابری محض اجرو ثواب کے اعتبار سے ہے باقی امور کے اعتبار سے نہیں۔ واللہ اعلم بالصواب!
مسئلہ 179: سورہ الکافرون، مومن کو شرک سے بری کرنے والی سورت ہے۔
[1] ابواب فضائل القرآن ، باب ماجاء فی سورہ اذا زلزلت ، رقم الحدیث (3/2318).