کتاب: فضائل صحابہ و اہل بیت رضی اللہ عنہم - صفحہ 11
صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کے فضائل قرآن مجید میں اﷲ رب العزت نے قرآن مجید میں صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کاحسین تذکرہ کرتے ہوئے ان کی خوب تعریف فرمائی ہے۔کچھ آیات کریمہ ملاحظہ فرمائیں: 1 فرمانِ الٰہی ہے:﴿وَالسَّابِقُوْنَ الْاَوَّلُوْنَ مِنَ الْمُہَاجِرِیْنَ وَالْاَنْصَارِ وَالَّذِیْنَ اتَّبَعُوْہُمْ بِاِحْسَانٍ رَّضِیَ اللّٰهُ عَنْہُمْ وَرَضُوْا عَنْہُ وَاَعَدَّ لَہُمْ جَنَّاتٍ تَجْرِیْ تَحْتَہَا الْاَنْہٰرُ خَالِدِیْنَ فِیْہَا اَبَدًا ذٰلِکَ الْفَوْزُ الْعَظِیْمُ﴾[التوبۃ:۱۰۰] ترجمہ:’’اور مہاجرین وانصار میں سے وہ اولیں لوگ جو کہ(ہجرت کرنے اور ایمان لانے میں)دوسروں پر سبقت لے گئے،اور وہ دوسرے لوگ جنہوں نے ان سابقین کی اخلاص کے ساتھ پیروی کی،اﷲ ان سب سے راضی ہوگیا،اور وہ سب اﷲ سے راضی ہوگئے،اور اﷲ نے ان کے لئے ایسی جنتیں تیار کی ہیں جن کے نیچے نہریں جاری ہونگی،ان میں وہ ہمیشہ کے لئے رہیں گے،(اور)یہی عظیم کامیابی ہے۔‘‘ اس آیت ِکریمہ میں اﷲ تعالیٰ نے تین قسم کے لوگوں کا ذکر فرمایا ہے: 1 مہاجرین،جنہوں نے رب العزت کے دین کی خاطر اپنے آبائی وطن اور مال ومتاع کو چھوڑا اور مدینہ منورہ کی طرف ہجرت کی۔