کتاب: فضائل رمضان و روزہ انوار و تجلیات برکات و ثمرات - صفحہ 9
بسم اللّٰه الرحمن الرحيم
فضائلِ رمضان وروزہ
انوار وتجلّیات٭برکات وثمرات
ماہِ رمضان المبارک اور روزے کے بیشمار فضائل و برکات اور فوائد وثمرات ہیں،جن میں سے بعض کا ذکر تو خود کتابِ الٰہی قرآنِ کریم میں بھی آیا ہے اور کچھ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشادات میں مذکور ہیں۔ اورا ُخروی وروحانی فضائل وبرکات کے ساتھ ساتھ روزے کے بہت سارے مادی وطبی فوائد وثمرات اورمنافع ومفادات بھی ہیں،جن کاتذکرہ آگے چل کر اپنے اپنے مقام پر آتا جائے گا۔
1قرآنِ کریم کی رو سے
سب سے پہلے آیئے قرآنِ کریم کے اُس حصہ کامطالعہ کریں،جس میں رمضان وروزہ کے نہ صرف فضائل وبرکات ہی کا تذکرہ ہے بلکہ روزے کے کتنے ہی مسائل واحکام بھی آگئے ہیں۔قرآنِ کریم کا وہ حصہ سورۂ بقرہ کی آیت ۱۸۳ سے لیکر ۱۸۷ تک ہے۔
فرضیّتِ روزہ:
اس حصہ کی پہلی ہی آیت میں روزے کی فرضیت بیان کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایاہے:
{ یٰاَیُّھَا الَّذِیْنَ آمَنُوْا کُتِبَ عَلَیْکُمُ الصِّیَامُ کَمَا کُتِبَ عَلَی الَّذِیْنَ مِنْ قَبْلِکُمْ لَعَلَّکُمْ تَتَّقُوْنَ} (سورۃ البقرہ: ۱۸۳)