کتاب: فضائل رمضان و روزہ انوار و تجلیات برکات و ثمرات - صفحہ 45
معجم طبرانی میں حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ سے ہی مروی ارشادِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے: ((اِلْتَمِسُوْالَیْلَۃَ الْقَدْرِلَیْلَۃَ سَبْعٍ وَّعِشْرِیْنَ) [1] ’’لیلۃ القدر کو رمضان کی ستائیسویں رات میں تلاش کرو۔‘‘ صحیح مسلم وابوداؤد،مسند احمدوطیالسی اور سنن کبریٰ بیہقی میں حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ((اِلْتَمِسُوْھَا فِی الْعَشْرِ الْاَوَاخِرِ مِنْ رَمَضَانَ اِلْتَمِسُوْھَا فِی التَّاسِعَۃِ وَالسَّابِعَۃِ وَالْخَامِسَۃِ)) [2] ’’اسے رمضان کے آخری عشرے میں اور اسکی بھی نویں،ساتویں اور پانچویں راتوں میں تلاش کرو۔‘‘ صحیح مسلم وابوداؤد(۱۲۵۲)میں حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ نے نویں،ساتویں اور پانچویں راتوں کی وضاحت بھی کی ہے کہ ان سے مراداکیسویں،تئیسویں اور پچیسویں راتیں ہیں۔(سلسلۃ الاحادیث الصحیحہ۳/۴۵۶)اور یہی مفہوم حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ایک سابقہ حدیث کا ہے اور ایسی ہی ایک حدیث ترمذی ،مسند احمد،مستدرک حاکم،صحیح ابن حبان اور شعب الایمان بیہقی میں حضرت ابوبکرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے،جس میں ارشادِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے: ((اِلْتَمِسُوْھَا فِی الْعَشْرِالْاَوَاخِرِ:فِیْ تِسْعٍ تَبْقَیْنَ،اَوْسَبْعٍ تَبْقَیْنَ اَوْخَمْسٍ تَبْقَیْنَ اَوْ ثَلَاثٍ تَبْقَیْنَ اَوْآخِرِ لَیْلَۃٍ)) [3] ’’اسے رمضان کے آخری عشرے میں تلاش کرو۔اکیسویں،تئیسویں، پچیسویں،ستائیسویں یا آخری(انتیسویں )رات میں ۔‘‘
[1] صحیح الجامع ۱؍۱؍۳۹۳ [2] الصحیحۃ ۳؍۴۵۶ وصحیح الجامع ۱؍۱؍۳۹۴ [3] صحیح الجامع ۱؍۱؍۳۹۴،مشکوٰۃ ۱؍۶۴۶