کتاب: فضائل رمضان و روزہ انوار و تجلیات برکات و ثمرات - صفحہ 44
’’لیلۃ القدر کو رمضان کے آخری عشرہ کی طاق راتوں (۲۱،۲۳،۲۵،۲۷،
۲۹) میں تلاش کرو۔‘‘
حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے صحیح بخاری وابوداؤد اور مسنداحمد میں مروی ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
((اِلْتَمِسُوْھَا فِی الْعَشْرِ الْاَوَاخِرِ مِنْ رَمَضَانَ ،لَیْلَۃُ الْقَدْرِ:فِیْ تَاسِعَۃٍ تَبْقٰی،فِیْ سَابِعَۃٍ تَبْقٰی،فِیْ خَامِسَۃٍ تَبْقٰی)) [1]
’’اس رات کو رمضان کے آخری عشرہ میں تلاش کرو،لیلۃ القدر اکیسویں [۲۱]،تئیسویں [۲۳] یا پچیسویں [۲۵]رات ہے۔‘‘
معجم طبرانی،مسنداحمد اور المختارۃ للضیاء میں حضرت جابر بن سمرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
((اِلْتَمِسُوْالَیْلَۃَ الْقَدْرِ فِی الْعَشْرِ الَاوَاخِرِ مِنْ رَمَضَانَ،فَاِنِّیْ قَدْرَأَیْتُھَا فَنَسِیْتُھَا)) [2]
’’لیلۃ القدر کو آخری عشرہ میں تلاش کرو۔میں نے وہ رات دیکھی مگر پھر بھول گیا۔‘‘
صحیح ابن خذیمہ اور قیام اللیل مروزی میں حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
((اِلْتَمِسُوْالَیْلَۃَ الْقَدْرِآخِرَ لَیْلَۃٍ مِنْ رَمَضَاَنَ)) [3]
’’لیلۃ القدر کو رمضان کی آخری رات میں تلاش کرو۔‘‘
[1] مشکوٰۃ ۱؍۶۴۴ وصحیح الجامع ۱؍۱؍۳۹۴
[2] بحوالہ صحیح الجامع ۱؍۱؍۳۹۳
[3] صحیح الجامع ۱؍۱؍۳۹۳و الصحیحۃ ۳؍۴۵۷۔۴۵۸