کتاب: فضائل رمضان و روزہ انوار و تجلیات برکات و ثمرات - صفحہ 43
لیلۃ القدر کی عدمِ تعیین: اس رات کو آخری عشرہ کی چند راتوں میں بطورِ خاص تلاش کرنے کا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حکم فرمایا ہے لیکن کسی ایک رات کی تعیین نہیں فرمائی،چنانچہ ابوداؤد، مسند احمد اور معجم طبرانی میں حضرت عبداللہ بن انیس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ((تَحَرُّوْالَیْلَۃَ الْقَدْرِ لَیْلَۃَ ثَلَاثٍ وَّعِشْرِیْنَ)) [1] ’’لیلۃ القدر کو تیئسویں رات میں تلاش کرو۔‘‘ صحیح بخاری ومسلم،ابوداؤد ومسند احمد،موطا مالک اور حلیۃ الاولیاء ابونعیم میں حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ((تَحَرُّوْالَیْلَۃَ الْقَدْرِ فِی السَّبْعِ الْاَوَاخِرِ)) [2] ’’لیلۃ القدر کو آخری سات راتوں میں تلاش کرو۔‘‘ ابوداؤد،مسند احمد اور مسند طیالسی میں حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ارشادِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے: ((تَحَرُّوْالَیْلَۃَ الْقَدْرِ،فَمَنْ کَانَ مُتَحَرِّیْھَا فَلْیَتَحَرَّھَا فِیْ لَیْلَۃِ سَبْعٍ وَّعِشْرِیْنَ)) [3] ’’لیلۃ القدر کو تلاش کرو۔اور جو اسے تلاش کرنا چاہے اسے چاہیئے کہ ستائیسویں رات میں تلاش کرے۔‘‘ لیکن اس سلسلہ میں صحیح اور ساتھ ہی مبنی براحتیاط حدیث وہ ہے جو کہ صحیح بخاری ومسلم،ترمذی اور مسنداحمد میں ام المؤمنین حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے،جس میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں : ((تَحَرُّوْلَیْلَۃَ الْقَدْرِ فِی الْوِتْرِمِنَ الْعَشْرِ الْاَوَاخِرِ مِنْ رَمَضَانَ)) [4]
[1] بحوالہ مشکوٰۃ ۱؍۶۴۵ و صحیح الجامع ۲؍۳؍۳۶ [2] صحیح الجامع ۲؍۳؍۳۶ [3] حوالہ سابقہ ،ص۳۵ ومشکوٰۃ ۱؍۶۴۴ والصحیحۃ ۳؍۴۵۵ [4] صحیح الجامع ،ص۳۶،مشکوٰۃ ۱؍۶۴۴