کتاب: فضائل رمضان و روزہ انوار و تجلیات برکات و ثمرات - صفحہ 22
’’ انسان خطا وبھول سے مرکّب ہے۔‘‘ اور گاہے ماہے اسے یاد دہانی کی ضرورت رہتی ہے،جیسے سرکاری تعلیمی اداروں کے اساتذہ کو بھی کبھی کبھی ایک مختصر سا کورس کرایاجاتا ہے تاکہ انکی خوابیدہ تدریسی صلاحیتوں کو جِلادی جائے اور وہ پھر سے تندہی کے ساتھ تدریسی فرائض وخدمات سر انجام دینے لگیں۔ اس کورس کو ہی ’’ریفریشرکورس‘‘ کہا جاتا ہے۔ بالکل اسی طرح ہی سال کے گیارہ مہینوں میں مسلمان کی عملی قوتوں میں آہستہ آہستہ ضعف وکمزوری در آتی ہے ،تو اتنے میں اللہ کی کرم گُستریوں اور عنایتوں کا مہینہ ’’رمضان المبارک‘‘ پھرآجاتا ہے جو روزہ داروں کیلئے اخلاقی وروحانی تربیت گاہ یا ریفریشر کورس کا کام کرتا ہے،انکی عملی کمزوریوں اور کوتاہیوں کا ازالہ کرتا ہے اور انہیں پھر سے نئے جوش و جذبۂ اطاعت کے ساتھ میدان ِ عمل میں لاکھڑا کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اس ماہِ مبارک کی سعادتوں سے بہرہور ہونے اور اپنے اعمال کی اصلاح کرنے کی توفیق سے نوازے۔ آمین۔ ۵) روزہ داروں کا مقام ومرتبہ اور منصبِ عالی: سابقہ سطور میں ہم عرض کرچکے ہیں کہ رمضان المبارک اخلاقی وروحانی ٹریننگ یا تربیّت کا مہینہ ہے اور دیگر ارکان ِ اسلام کی نسبت یہ ایک طویل اورکٹھن کورس ہے اور یہ بھی ایک عام دنیا داری اصول اورمسلّمہ قاعدہ ہے کہ کوئی کورس جتنا مشکل اور طویل ہو، اس پر ملنے والا منصب بھی اتنا ہی اعلیٰ اور معزز ہوتا ہے اور ایسا کورس پاس کرنے والوں کو بآسانی کوئی نہ کوئی گزٹڈ پوسٹ یا باعزت سروس مل جاتی ہے۔اسی طرح ہی روزہ داروں کا یہ کورس قدرے کٹھن اور مشکل محسوس ہوتا ہے تو قانون و دستور ِ الٰہی میں روزہ دار کیلئے انعامات اور مناصب بھی بہت بڑے بڑے ہیں۔مثلاً صحیح بخاری ومسلم میں حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ایک حدیث ِ قدسی میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ تعالیٰ کا ارشاد ذکر کیا ہے ،جس میں وہ فرماتا ہے: