کتاب: فضائل دعوت - صفحہ 90
حدیث شریف کے حوالے سے آٹھ باتیں:
اس بارے میں ذیل میں آٹھ باتیں پیش کی جارہی ہیں۔ملاحظہ فرمائیے:
ا:عابد پر عالم کی فضیلت کا سبب:
اس حدیث شریف سے عابد پر عالم کی فضیلت معلوم ہوتی ہے اور اس فضیلت کا سبب یہ ہے،کہ عبادت گزار کا نفع اس کی اپنی ذات تک محدود رہتا ہے اور عالم کا فیض اس کی اپنی ذات کے ساتھ ساتھ دوسرے لوگوں تک پہنچتا ہے۔
امام طیبی رحمہ اللہ تعالیٰ نے حدیث کی شرح میں تحریر کیا ہے:’’[إِنَّ اللّٰہَ وَمَلَائِکَتَہُ]نیا جملہ ہے اور یہ عالم اور عابد کے درمیان عظیم فرق کو بیان کرتا ہے۔عابد کا نفع اس کی ذات تک محدود رہتا ہے اور عالم کا نفع مخلوقات تک پہنچتا ہے،یہاں تک کہ چیونٹی بھی اس سے فیض یاب ہوتی ہے۔‘‘ [1]
۲:اللہ تعالیٰ کے درود کے معانی:
اللہ تعالیٰ کے بندوں پر درود کے علمائے امت نے ایک سے زیادہ معانی بیان کیے ہیں۔ان میں سے تین معانی درج ذیل ہیں:
ا:فرشتوں کے روبروان کی تعریف کرنا:
امام ابوالعالیہ رحمہ اللہ نے اللہ تعالیٰ کے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود کا معنی بیان کرتے ہوئے کہا ہے:
"صَلَاۃُ اللّٰہِ ثَنَاؤُہُ عَلَیْہِ عِنْدَ الْمَلَائِکَۃِ" [2]
[1] شرح الطیبي ۲؍۶۷۵۔
[2] صحیح البخاري،کتاب التفسیر،باب {إن اللّٰہ وملائکتہ یصلون علی النبي… الآیۃ،۸؍۵۳۲۔