کتاب: فضائل دعوت - صفحہ 88
د:دنیا نے اللہ تعالیٰ کے اس وعدے کو پورا ہوتے دیکھا۔سلف صالحین نے رب ذوالجلال کے دین کی مدد کی،تو اس نے انہیں سرفراز اور سربلند کیا اور ان کے دشمنوں کو ذلیل اور خوار کیا۔
قاضی ابوسعود رحمہ اللہ نے اس بارے میں تحریر کیا ہے:’’اللہ تعالیٰ نے اپنے اس وعدے کی تکمیل فرمائی،مہاجرین اور انصار کو عرب کے سرداروں،عجم کے کسراؤں،روم کے قیصروں پر غالب فرمایا اور سب کی زمینوں اور گھروں کا انہیں مالک بنادیا۔‘‘ [1]
اور اگر آج مسلمانانِ عالم اپنے رب کریم کے دین کی مدد کریں گے،تو وہ ضرور ان کی نصرت و تائید فرمائے گا۔انہیں دنیا میں غلبہ و اقتدار عطا فرمائے گا اور ان کے دشمنوں کو ذلیل اور خوار کرے گا۔اے مولائے رحمن و رحیم!امت کو اپنے دین حق کی خدمت کی توفیق عطا فرمائیے اور امت کو اس ذلت اور رسوائی سے نجات دیجیے،جو مشرق و مغرب میں اس پر مسلط ہوچکی ہے۔آمین یا ذا الجلال والإکرام۔
-۱۳-
اللہ تعالیٰ اور مخلوق کا معلِّم خیر پر درود
دعوت الی اللہ تعالیٰ کی شان و عظمت پر دلالت کرنے والی باتوں میں سے ایک یہ ہے،کہ اللہ مالک الملک،اس کے فرشتے،آسمانوں اور زمینوں کی مخلوق لوگوں کو خیر کی تعلیم دینے والے پر درود بھیجتے ہیں۔
[1] تفسیر أبي السعود ۶؍۱۰۹؛ نیز ملاحظہ ہو:تفسیر القرطبي ۱۲؍۹۱۔