کتاب: فضائل اہلحدیث - صفحہ 66
کرو۔
سیدنا ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ کا بھی یہی قول ہے آپکا یہ بھی فرمان ہے کہ حدیث بیان کیاکرو ایک حدیث دوسری کو یاد دلادیتی ہے۔
سیدنا ابو امامہ باہلی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں یہ علمی مجلسیں اللہ تعالیٰ کی طرف سے تبلیغ ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ کی باتیں پہنچا دیں تم بھی جو کچھ اچھی باتیں ہم سے سنو دوسروں تک پہنچادو۔
سلیم بن عباس کہتے ہیں کہ ہم سیدنا ابو امامہ باہلی رضی اللہ عنہ کے پاس بیٹھے تھے وہ ہمیں بکثرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیثیں بیان کرتے تھے پھر فارغ ہوکر فرماتے تھے اچھی طرح انہیں سمجھ لو اور پھر جس طرح تمہیں پہنچائی گئی ہیں دوسروں کو پہنچاؤ۔
سیدنا انس رضی اللہ عنہ نے اپنے دونوں بیٹوں نضراور موسیٰ کو حکم دیا کہ وہ حدیث کو اوراسناد حدیث کو لکھ لیا کریں اور انہیں دوسروں کو سکھائیں۔ فرماتے ہیں ہم تو اس علم کو علم نہیں جانتے تھے جو اپنے علم کو نہ لکھے۔
سیدنا علقمہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں حدیث کا مذاکرہ کیاکرو۔ اس کی حیات آپس میں پڑھنا پڑھانا ہی ہے فرمایا کرتے تھے ذکر حدیث کی طلب کرو تاکہ وہ بے رونق نہ ہوجائے۔
عبدالرحمن بن ابی لیلیٰ رحمہ اللہ کا قول ہے حدیث کی زندگی اس کاپڑھنا پڑھانا ہے تم اس کا مذاکرہ جاری رکھو۔
طلق بن حبیب رحمہ اللہ کہتے ہیں حدیثوں کا مذاکرہ کیاکرو ایک حدیث دوسری کو یاد دلایا کرتی ہے۔
سیدنا ابو العالیہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں جب کبھی تم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث بیان کرو تو اسے اچھی طرح محفوظ رکھو۔