کتاب: فضائل اہلحدیث - صفحہ 59
پڑھنے پڑھانے سے زیادہ افضل نہیں۔ بشر بن حارث رحمہ اللہ فرماتے ہیں جو شخص اللہ تعالیٰ سے ڈرتا ہو اور نیک نیت ہو میں نہیں جانتا کہ روئے زمین پر اس کے لئے کوئی عمل طلب حدیث سے بھی افضل ہو رہا۔ رہا میں، سو میں تو اپنے ہر قدم پر جو میں نے اس میں اٹھایا ہو استغفار کرتا ہوں۔ ﴿حدیث کی روایت تسبیح خوانی سے بھی افضل ہے﴾ امام وکیع رحمہ اللہ فرماتے ہیں اگر روایت حدیث میرے نزدیک تسبیح خوانی سے بہتر نہ ہوتی تو میں ہرگز روایت حدیث میں مشغول نہ ہوتا۔ ﴿حدیث کی روایت کا درجہ درس قرآن جیسا ہے﴾ سلیمان تیمی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ ہم ابو مجلز رحمہ اللہ کے پاس تھے اور وہ ہمیں حدیثیں سنا رہے تھے تو ایک شخص نے کہا کاش کہ آپ قرآن پاک کی کوئی سورت پڑھتے؟ تو ابو مجلز رحمہ اللہ نے جواب دیا کہ میرے نزدیک علم حدیث بھی کسی سورت کی تلاوت سے کم نہیں۔ ﴿حدیث کی روایت کا ثواب نماز پڑھنے کے برابر ہے﴾ محمد بن عمرو بن عطا کہتے ہیں کہ موسیٰ بن یسار ہمیں حدیثیں سنا رہے تھے تو سیدنا ابن عمررضی اللہ عنہ نے ان سے فرمایا جب آپ حدیث بیان کرنے سے فارغ ہوں تب سلام کیجئے گا۔ اس لئے کہ آپ گویا نماز میں ہیں۔ ﴿حدیث کی روایت نفل نماز سے افضل ہے﴾ امام وکیع رحمہ اللہ فرماتے ہیں اگر میں جانتا کہ نفل نماز کا پڑھنا حدیث بیان کرنے سے افضل ہے تومیں ہر گز حدیث بیان نہ کرتا۔ امام قعبنی رحمہ اللہ سے بھی یہی فرمان منقول ہے۔