کتاب: فضائل اہلحدیث - صفحہ 53
امام حسن بصری رحمہ اللہ سے سوال ہوا کہ کیا اسی برس کا آدمی بھی حدیث لکھے ؟فرمایا جب تک اس کی اچھی زندگی ہے۔ ﴿اہل حدیث قوی دلائل والی جماعت ہے﴾ امام اعمش رحمہ اللہ فرمایاکرتے تھے میرے اور اصحاب نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے درمیان صرف ایک پردہ ہے جب چاہوں اسے اٹھادوں اور انہیں دیکھ لوں۔ امام شافعی رحمہ اللہ فرماتے ہیں قرآن کریم جاننے والا بڑی قدر و قیمت والا شخص ہے اور فقہ جاننے والا بڑی شخصیت والا آدمی ہے اور حدیث کالکھنے والا بڑی قوی دلیل والا انسان ہے۔ ابو عروبہ حرانی رحمہ اللہ فرماتے ہیں جو شخص فقہ جانتا ہو اور حدیث نہ جانتا ہو وہ لنگڑا ہے۔ ﴿علم حدیث کی رغبت کرنیوالے اور اس سے بے رغبتی کرنیوالے﴾ امام زہری رحمہ اللہ نے ایک مرتبہ امام ہذلی رحمہ اللہ سے پوچھا کہ کیا آپ کو حدیث اچھی معلوم ہوتی ہے؟ انہوں نے کہا ہاں فرمایا اسے مرد پسند کرتے ہیں اور نامرد اسے پسند نہیں کرتے۔ آپ فرمایا کرتے تھے کہ طالبان حدیث مرد ہیں اور حدیث سے بے رغبتی کرنے والے نامرد ہیں۔ ابو الفضل عباس بن محمد خراسانی کے اشعار ہیں جن میں فرماتے ہیں۔ میں نے کوشش سے اصل علم حاصل کرنے کے لئے سفر کیا۔ دنیامیں انسان کی زینت احادیث رسو ل صلی اللہ علیہ وسلم ہی ہیں۔ طالب علم ہی شیردل مرد ہے اور علم سے دشمنی رکھنے والا تو مخنث ہے۔ مال پر گھمنڈ نہ کر اسے تو تُو عنقریب چھوڑ کر چل دے گا۔ یہ دنیا تو یونہی ایک دوسرے کے ہاتھوں میراث ہوتی چلی جارہی ہے۔