کتاب: فضائل اہلحدیث - صفحہ 45
لگے۔
﴿اہلحدیث ابدال اور اولیاء اللہ ہیں﴾
امام صالح بن محمد رازی رحمہ اللہ فرماتے ہیں اگر اہل حدیث ابدال نہیں تو میں نہیں جان سکتا کہ ابدال اور کون ہوتے ہیں؟
امام صالح رازی رحمہ اللہ فرماتے ہیں عدالت والا وہ نہیں جو مال جان اورعزت پر عدل کرے بلکہ ان سے بھی بڑھ کر عدالت والا وہ ہے کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث بیان کرے تو وہ مان لی جائے۔ اسے اس پر سچا اور عادل جانا جائے۔
امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ فرماتے ہیں اگر اہل حدیث ابدال نہیں تو پھر ابدال اور کون ہوں گے؟
خلیل بن احمد رحمہ اللہ فرماتے ہیں اگر قرآن و حدیث والے بھی اولیاء اللہ نہیں تو جان لینا چاہیئے کہ زمین اولیاء اللہ سے خالی ہے۔
امام ابن عینیہ رحمہ اللہ فرمایا کرتے تھے کہ میری اتنی عمر صرف اہلحدیث کی دعاؤں سے ہوئی ہے۔
محمود بن خالد نے ایک مرتبہ ابو حفص عمرو بن ابو سلمہ سے پوچھا کہ کیا آپ حدیث بیان کرنا پسند فرماتے ہیں۔ جواب دیا کہ کیا کوئی ایسا بھی ہے جو نیک کار صالح لوگوں کے دفتر سے اپنا نام کٹوا دینا چاہتا ہو؟
﴿اگر اہلحدیث نہ ہوتے تو اسلام مٹ جاتا﴾
امام حفص بن غیاث رحمۃاللہ علیہ کے پاس لوگ جمع ہوگئے تو آپ نے فرمایا اگر اللہ تعالیٰ ان طالب علموں کے دلوں میں یہ حرص نہ ڈالتا تو یہ کام ہی مٹ جاتا۔