کتاب: فضائل اہلحدیث - صفحہ 36
صحابہ نے کہا پھر انبیاء ہوں گے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا وہ کیوں ایمان نہیں لائیں گے ان پر تو وحی الٰہی نازل ہوتی ہے۔ صحابہ نے کہا پھر ہم۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تم کیوں ایمان نہ لاتے میں تو تم میں موجود ہوں۔ پھر خود آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے سوال کا جواب بتا دیا فرمایا تمام مخلوق میں سے زیادہ عمدہ ایمان والی وہ جماعت ہے جو تمہارے بعد آئے گی صرف کتابوں میں لکھا دیکھے گی اور اس پر ایمان لائے گی۔ سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا مجھے بتاؤ تو ایمان والوں میں سب سے افضل ایمان والا کون ہے ؟ہم نے کہا فرشتے ہیں فرمایا وہ تو ہیں اور انہیں تو ہونا چاہیئے ان کوتو اللہ نے جس مرتبے پر رکھا ہے وہ انہی کا حصہ ہے نہیں ان کے سوا اور کوئی بتاؤ؟ ہم نے کہا اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم انبیاء ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ نے نبوت ورسالت کے ساتھ سرفراز فرمایا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا وہ تو ایسے ہی ہیں اور انہیں ایسا ہونا بھی چاہیئے بھلا وہ کیوں نہ ہوں اللہ تعالیٰ نے اپنے خاص فضل وکرم سے انہیں نبوت و رسالت کے ساتھ سرفراز فرمایا ہے کوئی اور بتاؤ؟ ہم نے کہا اے اللہ کے رسول پھرتو اللہ کی راہ میں شہید ہوجانے والے ہیں کہ جنہیں اللہ تعالیٰ اپنے انبیاء کی خدمت کرتے ہوئے شہادت کے مرتبہ کے ساتھ سرفراز فرماتا ہے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا بیشک وہ ایسے ہی ہیں وہ ایسے کیوں نہ ہوتے اللہ تعالیٰ نے انہیں تو شہادت جیسی نعمت انعام فرمائی ان کے سوا اور بتلاؤ؟ ہم نے کہا اے اللہ کے رسول اب آپ ہی ارشاد فرمائیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا یہ وہ لوگ ہیں جو ابھی پیدا بھی نہیں ہوئے میرے بعد آئیں گے وہ مجھے نہیں دیکھیں گے لیکن مجھ پر ایمان لائیں گے اور مجھے نہیں دیکھا لیکن میری تصدیق کرینگے وہ کتابوں کے اوراق میں لکھا دیکھیں گے اوراس کے مطابق عمل کریں گے۔