کتاب: فتاوی نکاح و طلاق - صفحہ 461
لہذا میری رائے یہ ہے کہ اس مشکل سے نکلنے کے لیے ضروری ہے کہ اہل خیر اور اصلاح کرانے والے لوگ ضرور اس مسئلے میں دخل دیں تاکہ خاوند اور بیوی کے درمیان صلح ہوسکے اور اگر یہ ممکن نہیں تو وہ اپنے خاوند کوعوض ادا کرکے شرعی طور پر خلع لےلے۔(شیخ محمد المنجد) بیوی کو جو دیا ہے اس سے زیادہ پر خلع:۔ سوال۔کیا اس سے زیادہ مال پر عورت کا خلع جائز ہے جو مرد نے عورت کو دے رکھا ہے؟ جواب۔فقہاء نے صراحت کی ہے کہ یہ مستحب نہیں ہے کہ مرد عورت سے(خلع کے وقت)اس مال سے زیادہ وصول کرے جو اس نے اسے دیاہے اور اگر وہ ایسا کرے گا تو یہ مکروہ ہے البتہ خلع ہوجائے گا کیونکہ وہ دونوں اس پر راضی ہیں اور یہی اکثر اہل علم کا قول ہے۔ حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ،عکرمہ رحمۃ اللہ علیہ،مجاہد رحمۃ اللہ علیہ،قبیصہ رحمۃ اللہ علیہ،امام نخعی رحمۃ اللہ علیہ،امام مالک رحمۃ اللہ علیہ،امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ،اور اصحاب الرائے سے یہ مذہب روایت کیا گیا ہے۔۔۔اور یہی وہ درست مذہب ہے جس پر عمل ہے۔(شیخ محمد آل شیخ) عوض کے بغیر خلع:۔ سوال۔اگر خلع میں عوض نہ ہوتوکیا وہ واقع ہوجائے گا؟ جواب۔خلع کے لیے ضروری ہے کہ وہ عوض کے ساتھ ہو کیونکہ یہ اس کا رکن ہے جس پر اس کی بنیاد ہے اور جب وہ اس(عوض)سے خالی ہوگا تو خلع نہیں ہوگا بلکہ رجعی طلاق ہوگی اگر اس نے طلاق کی نیت کی ہوگی۔(شیخ عبدالرحمان سعدی) خلع والی عورت کی عدت اور کیا دونوں دوبارہ شادی کرسکتے ہیں؟ سوال۔جب بیوی خاوند سے خلع کا مطالبہ کرے اور خاوند موافقت کرلے تو خلع کے بعد عورت کتنی مدت تک شادی کے لیے انتظار کرے؟اور کیا دونوں کے لیے دوبارہ شادی کرنا ممکن ہے؟ جواب۔اگرخلع حاصل کرنے والی عورت حاملہ ہوتو علماء کے اجماع کے ساتھ اس کی عدت وضع حمل ہے۔[1]
[1] ۔[المغنی لابن قدامہ(11/227)]