کتاب: فتاوی نکاح و طلاق - صفحہ 441
اور خاوند کا طلاق کی دھمکی دینا بیوی کے لیے کوئی شرعی عذر شمار نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی وہ ایسا کرنے میں مجبور شمار ہو گی بلکہ بیوی پر واجب ہے کہ وہ خاوند کو اچھے انداز میں وعظ و نصیحت کرے اگر وہ برائی کو ترک کردیتا ہے تو بہتر اور بیوی کو اس کا اجرو ثواب حاصل ہو گا اور اگر خاوند اللہ تعالیٰ کے حکم(آنکھوں کو حرام کاموں سے نیچی رکھنا)سے انکار کردے اور تسلیم نہ کرے تو بیوی کے لیے برائی کے ارتکاب پر خاوند کی اطاعت حلال نہیں اور نہ ہی اس کے لیے یہ جائز ہے کہ وہ اپنے اور اپنی اولاد کے خدشے سے اسی کے ساتھ چمٹی رہے۔بلکہ اللہ تعالیٰ اسے اس کے بدلے میں نعم البدل عطا فرمائے گاانشا اللہ۔اور اگر خاوند بے نماز ہوتو بیوی کو فسخ نکاح کے مطالبہ میں تردونہیں کرنا چاہیے کیونکہ وہ کافر ہے۔(شیخ محمدالمنجد) سگریٹ نوش شوہر سے طلاق کا مطالبہ:۔ سوال۔میرا خاوند سگریٹ نوشی کا عادی ہے اور وہ سانس ودمہ کی تکلیف سے دوچار ہے ہمارے درمیان سگریٹ نوشی کی وجہ سے کئی ایک مشکلات پیدا ہو چکی ہیں پانچ ماہ قبل میرے خاوند نے اللہ تعالیٰ کے لیے دورکعت نماز پڑھ کر یہ حلف اٹھایا کہ وہ اب کبھی بھی سگریٹ نوشی نہیں کرے گا۔لیکن حلف کے ایک ہفتہ بعد ہی وہ سگریٹ نوشی کرنے لگا اور مشکلات نے ہمیں پھر سے گھیرلیا تو میں نے اس سے طلاق کا مطالبہ کردیا لیکن اس نے مجھ سے وعدکیا ہے کہ وہ کبھی سگریٹ نوشی نہیں کرے گا مگر مجھے اس پر مکمل بھروسہ نہیں اس میں آپ کی صحیح رائے کیا ہے اور اس کی قسم کا کفارہ کیا ہے اور آپ مجھے کیا نصیحت کرتے ہیں؟ جواب۔سگریٹ نوشی خبیث اور حرام ہے اس کے نقصانات بہت زیادہ ہیں اور اللہ تعالیٰ نے اپنی کتاب قرآن مجید میں فرمایا ہے۔ ﴿يَسْأَلُونَكَ مَاذَا أُحِلَّ لَهُمْ قُلْ أُحِلَّ لَكُمُ الطَّيِّبَاتُ﴾ "وہ آپ سے پوچھتے ہیں کہ ان کے لیے کیا حلال کیا گیا ہے آپ ان سے کہہ دیجئے کہ تمھارے لیے اچھی اور پاکیزہ اشیاء حلال کی گئی ہے۔" [1] اور سورۃ اعراف میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا وصف بیان کرتے ہوئے فرمایا گیا ہے۔ ﴿وَيُحِلُّ لَهُمُ الطَّيِّبَاتِ وَيُحَرِّمُ عَلَيْهِمُ الْخَبَآئِثَ﴾
[1] ۔[المائدۃ :4]