کتاب: فتاوی نکاح و طلاق - صفحہ 369
اگر شوہر نشہ کا عادی ہواور توبہ کرنا چاہے تو بیوی کیا کرے؟
سوال۔میرے بہنوئی کو نشہ کرنے کی عادت ہے وہ اسے ترک کرنا چاہتا ہے لیکن عادی ہونے کی وجہ سے چھوڑنہیں سکتا البتہ وہ اللہ تعالیٰ کا خوف بھی رکھتا ہے میری بہن یہ جاننا چاہتی ہے کہ اسے کیا کرنا چاہیے؟اس کے تین بیٹے بھی ہیں اور اسے اس بات کا ڈر ہے کہ اگر اس نے خاوندکو چھوڑ دیا تو ممکن ہے اس کا حال اس سے بھی براہو جائے اور وہ اور زیادہ نشہ کرنے لگے یا پھر وہ خودکشی ہی کرلے؟
جواب۔ہم آپ کی بہن کو یہ نصیحت کرتے ہیں کہ وہ اپنے خاوند کے ساتھ ہی رہے اور اسے توبہ کرنے کی ترغیب دلائے اور یہ کوشش کرے کہ وہ نشہ کرنے سے چھٹکارا حاصل کر لے اور اپنے خاوند کو ان انسان نما بھیڑیوں کے لیے نہ چھوڑ دے جو اس کی زندگی تباہ کر کے رکھ دیں اسے اپنی بیوی کی اس حالت میں زیادہ ضرورت ہے۔اور یہ بھی ضروری ہے کہ آپ ان طبی مراکز سے رابطہ کریں جو نشہ کی عادت کے علاج کے لیے مخصوص ہیں اور آپ کی بہن کے لیے ضروری ہے کہ وہ اس معاملہ میں تردوکاشکار نہ ہو بلکہ اسے ان حالات میں فوراً علاج معالجہ کرنے والے مختص لوگوں سے رابطہ کرنا چاہیے اور اس کے ساتھ ساتھ ہمیشہ اپنے خاوند کو اللہ تعالیٰ کا خوف یا دلاتی رہے اسے موت اور پھر اللہ تعالیٰ سے ملاقات کی بھی یاد دہانی کرائے۔اور جس چیز پر اس وقت آپ کا بہنوئی ہے اسے چھوڑنے کی بھی ترغیب دی جائے اور اسے اس بیماری سے شفایابی کی امید اور اس کے رب سے توبہ کی قبولیت کی بھی امید دلائی جائے،اللہ تعالیٰ ہی توفیق بخشنے والا ہے۔(شیخ محمد المنجد)
اگر کوئی منگیتر کو بھولنے کے لیے شادی کرے مگر نہ بھول سکے۔
سوال۔میرے خاوند نے مجھے کہا کہ وہ مجھ سے شادی کا بندھن توڑ کر علیحدگی کی زندگی بسر کرنا چاہتا ہے پھر اس کے کچھ دن بعد اس نے کہا کہ اس کی پہلی منگیتر نے اسے ای میل کے ذریعے خط لکھا ہے اور مجھے اپنی سابقہ منگیتر کی ای میل پڑھنے کی اجازت بھی دےدی۔جب میں نے ای میل دیکھی تو مجھے بہت تعجب ہوا کہ وہاں تو کئی ای میل خط ہیں جووہ آپس میں ایک دوسرے کو ارسال کرتے رہے ہیں اور مجھے اس کے متعلق بتا یا بھی نہیں۔میں نے ان خطوط کو پڑھا انھوں نے ان میں کچھ فحش گوئی سے بھی کام لیاتھا اور وہ اپنی ملازمت والی جگہ سے اس سے روزانہ رابطہ کرتا رہا اور اسے یہ کہتا رہا کہ وہ اب دوبارہ اس سے رابطہ منقطع نہیں کرنا چاہتا۔