کتاب: فتاوی نکاح و طلاق - صفحہ 365
بیوی کا شوہر کے گھر سے بلا اجازت چلے جانا اور پھر واپسی سے انکار:۔
سوال۔میں آپ سے معلوم کرنا چاہتا ہوں کہ اس معاملے میں اللہ تعالیٰ کو راضی کرنے کے لیے کیا کرنا واجب ہے؟میں نوجوان ہوں اور ڈاکٹری کرتاہوں تقریباً تین برس قبل میں نے شادی کی ہے۔میری منگیتر بہت ہی ممتاز شخصیت کی مالکہ تھی اور اچھی بھلی سمجھ بوجھ رکھتی تھی لیکن شادی کے بعد حالات بدل گئے میں کچھ مقروض تھا اور اسے بھی ہر چیز کا علم تھا اور وہ میری ماہانہ آمدنی کا بھی علم رکھتی تھی لیکن اس کے باوجود اس نے مجھ سے اپنے خاص خرچے کا مطالبہ کرنا شروع کر دیا۔جب میں نے اسے سمجھانے اور اسی پر صبر کرنے کی تلقین کی اور کہا کہ مجھے پہلےاپنا قرض ادا کر لینے دو مہربانی کر کے میرا تعاون کرو تو اس نے میرے خلاف دنیا کھڑی کر دی اور میرے سسرالیوں کو بتادیا۔
پھر اس نے ملازمت کا مطالبہ کردیا حالانکہ ہمارا اس پر اتفاق ہوا تھا کہ وہ ملازمت نہیں کرے گی الاکہ جب میں کمانے کی طاقت نہ رکھوں تو پھر وہ ملازمت کر سکتی ہے وہ اس کا بھی اصرار کرنے لگی حتی کہ میں اس پر مان گیا لیکن اس کے بعد بھی کئی ایک مشکلات پیدا ہو گئیں۔وہ شروع سے اب تک میرے والدین سے بد کلامی اور بد تمیزی کرتی رہی ہے اور معاملہ ان کی توہین تک جا پہنچا ہے۔اللہ تعالیٰ نے شادی کے بعد ایسی بچی دی ہے جس پر لوگ بھی حسد کرنے لگے ہیں قصہ مختصر کہ وہ کئی ایک بار میری اجازت کے بغیر گھر سےنکلی ہے اسے نہ بات چیت نہ بستر سے الگ کرنا اور نہ ہی مارنے فائد ہ دیاہے۔
اس نے مجھے عمارت کے سب رہائشیوں میں بھی ذلیل کر کے رکھ دیا ہے اس لیے کہ وہ پڑوسیوں اپنے دوست احباب اور رشتہ داروں کو ہمارے درمیان پیدا شدہ مشکلات بتاتی ہے۔میری سب کو ششیں ناکام ہو چکی ہیں حتی کہ مسجد کے امام صاحب نے بھی اس سے بات کی ہے لیکن اس کا بھی کوئی فائدہ نہیں ہوا۔نتیجۃً اس کے لیے میرا دل بالکل سخت ہو چکا ہے اور اختلافات بہت زیادہ ہوچکے ہیں حتی کہ دوبارطلاق بھی ہو چکی ہے لیکن ہم نے اپنی چھوٹی سی بچی کی وجہ سے رجوع کر لیا جو کہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہمیں ہبہ ہوئی ہے۔بالآخر میرے سسرالی رشتہ دار سفر سے واپس آئے تو وہ یہ کہہ کر ان کے پاس گئی کہ کچھ دن ان کے پاس رہے گی اسی طرح معاملہ تیس دن تک چلتا رہا اور بہانہ یہ بنایا کہ اس کا والد بیمار ہے والدہ بوڑھی ہے جب میں نے اسے یہ کہا کہ میری بیٹی کو لے کر میرے گھر واپس آؤتو اس نے آنے سے انکار کردیا۔میں نے اپنے سسر سے بھی بات کی تو اس نے بھی اسے بھیجنےسے انکار کر دیا۔