کتاب: فتاوی نکاح و طلاق - صفحہ 356
حدیث نبوی بھی اس پر دلالت کرتی ہے۔عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا بیان کرتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب اعتکاف کا ارادہ کرتے تونماز فجر ادا کرنے کے بعد معتکف میں داخل ہوجاتے۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے آخری عشرے کا اعتکاف کرنا چاہا تو خیمہ لگانے کا حکم دیا تو خیمہ لگادیا گیا۔زینب رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے اپنا خیمہ لگانے کا حکم دیا تو ان کا خیمہ بھی لگادیا گیا۔اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی دوسری بیویوں نے بھی اپنے خیمے لگانے کا حکم دیا تو ان کے خیمے بھی لگادئیے گئے پھر جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے نماز فجر ادا کر لی توبہت سے خیمے دیکھے اور فرمایا کیا یہ نیکی چاہتی ہیں؟پھر ان کے خیمےاکھاڑنے کا حکم دیا اور اعتکاف چھوڑ دیا اور پھر شوال کے پہلے عشرے کا اعتکاف کیا۔[1] قاضی عیاض رحمۃ اللہ علیہ کا کہنا ہے کہ ازواج مطہرات رضوان اللہ عنھن اجمعین کے اس فعل پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے انکار کا سبب یہ تھا کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ وہ اپنے اعتکاف میں مخلص نہ ہوں۔ بلکہ صرف آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے قریب رہنا چاہتی ہوں یا آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر غیرت کھاتے ہوئے یا جنہیں اجازت ملی تھی ان پر غیرت کھاتے ہوئے اعتکاف بیٹھ رہی ہوں۔ اس حدیث میں یہ دلیل ہے کہ خاوند کی اجازت کے بغیر بیوی اعتکاف نہیں کر سکتی،سب علمائے کرام کی بھی یہی رائے ہے اور اگر خاوند بیوی کو اعتکاف کی اجازت دے دے تو کیا بعد میں(دوران اعتکاف)بیوی کو اعتکاف سے روک سکتاہے؟اس میں علمائے کرام کا اختلاف ہے۔امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ،امام احمد رحمۃ اللہ علیہ،اور داؤد رحمۃ اللہ علیہ کا کہنا ہے کہ اسے بیوی کو نفلی اعتکاف سے نکالنے کا حق حاصل ہے اور امام ابن منذر رحمۃ اللہ علیہ نے کہاہے کہ حدیث میں ہے کہ عورت خاوند کی اجازت کے بغیر نفلی اعتکاف نہیں کر سکتی اور اگر اجازت کے بغیر اعتکاف کرے تو خاوند کو اسے اعتکاف سے نکالنے کا حق حاصل ہے اور اگر اجازت سے اعتکاف کرے تو پھر بھی خاوند کو یہ حق ہے کہ وہ اجازت واپس لیتے ہوئے اسے اعتکاف سے روک دے۔اور اہل الرائے کہتے ہیں کہ اگر خاوند نے اجازت دے دی اور پھر اس سے منع کردیا تو اس سے وہ گناہگارہو گا لیکن عورت اعتکاف سے رک جائے گی(واللہ اعلم)(شیخ محمد المنجد) کیابیوی پر شوہر کا کھانا پکانا ضروری ہے؟ سوال۔کیا بیوی پر واجب ہے کہ وہ اپنے خاوند کا کھا نا پکائے؟اور اگر وہ یہ کام نہیں کرتی تو کیا وہ اس کی وجہ سے گناہگارہوگی؟
[1] ۔[بخاری 2033،کتاب الاعتکاف باب اعتکاف النساء مسلم 1173۔کتاب الاعتکاف باب متی یدخل من ارادہ الاعتکاف فی معتکفہ]