کتاب: فتاوی نکاح و طلاق - صفحہ 283
دعوت ولیمہ قبول کرنے کا حکم:۔
سوال۔کیا عورت اپنی کسی بہن کی دعوت ولیمہ قبول نہ کرنے پر گناہگار ہوگی جبکہ اس کے شوہر نے بھی اجازت دی ہو؟
جواب۔مسلمان عورت کا اپنی بہن کی دعوت قبول کرنا واجب ہے وہ اس سے اعراض کی وجہ سے گناہگار ہوگی جبکہ اس کے شوہر نے اسے نکلنے کی اجازت دی ہواور ولیمہ میں کوئی برائی(مثلاً گانا بجانا بے پردگی اور مخلوط مجالس وغیرہ کا انعقاد)نہ ہو یا اگر برائی ہو تو وہ اسے روکنے کی طاقت رکھتی ہو اور اگر ایسا نہیں(یعنی برائی)کو روکنے کی طاقت نہیں)توپھر اس پر دعوت قبول کرنا واجب نہیں اور نہ ہی وہ گناہگارہوگی۔(سعودی فتوی کمیٹی)
ایسی دعوت ولیمہ میں شرکت کا حکم جس میں منکرات ہوں:۔
سوال۔ولیمہ دعوت اگر اللہ تعالیٰ کی نافرمانی والے کاموں پر مشتمل ہو تو کیا پھر بھی اس میں شرکت ضروری ہے؟
جواب۔اگر ولیمہ کی دعوت حرام کاموں پر مشتمل ہو مثلاً مدو زن کا اختلاط یا حرام کھانے پینے کی اشیاء یا آلات موسیقی کے ساتھ ناچ گانا اور اس طرح دیگر حرام کام تو پھر اس میں شرکت جائز نہیں(البتہ اگر ان برائی کے کاموں سے روکنے کی طاقت ہوتو پھر شرکت جائز ہے بصورت دیگر نہیں۔)(سعودی فتوی کمیٹی)