کتاب: فتاوی نکاح و طلاق - صفحہ 144
پہلے پہلے یعنی(بچے کی)دوسال کی عمر کے اندر اندر پلایا گیا ہو جیسا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہے کہ"رضاعت سے بھی اسی طرح حرمت ثابت ہو جاتی ہے جیسے نسب سے ثابت ہو تی ہے۔"(شیخ ابن عثیمین) سعودی مستقل فتوی کمیٹی نے بھی اسی کے مطابق فتوی دیا ہے۔ بے حجاب عورت سے نکاح کا حکم:۔ سوال۔ایسی عورت جو مسلمان تو ہو لیکن اپنی زیب و زینت(غیر مردوں کے سامنے)ظاہر کرتی ہو تو اس سے شادی کا کیا حکم ہے؟ جواب۔اپنی زینب و زینت(اجنبی مردوں کے سامنے)ظاہر کرنے والی(بے حجاب)عورت کو نصیحت کرنا اور اسے اس برے عمل سے ڈرانا واجب ہے اگر تو وہ بات مان لے تو یہی مطلوب ہے اور اگر نہ مانے تو اس کے علاوہ ایسی عورتوں سے نکاح کرنا زیادہ بہتر ہے جو شرعی حجاب کی پابند ہیں۔(سعودی فتویٰ کمیٹی) چچا زاد کی بیٹی سے نکاح کا حکم:۔ سوال۔کیا آدمی کے لیے جائز ہے کہ وہ اپنے چچا زاد کی بیٹی سے شادی کرے یا جائز نہیں؟ جواب۔یہ جائز ہے کیونکہ اصل جواز ہے اور جس لڑکی سے شادی کرنا چاہتا ہے اس کے باپ کا لڑکے کے چچا زاد ہو نا اس سے شادی میں رکاوٹ نہیں۔اور اللہ تعالیٰ ہی توفیق دینے والا ہے۔(سعودی فتویٰ کمیٹی) چچی اور ممانی سے نکاح کا حکم:۔ سوال۔کیا چچا کی بیوی اس کی طلاق کے بعد بھتیجے کے لیے حلال ہے؟اور کیا ماموں(ماں کے بھائی)کی بیوی(یعنی مامی)اس کی طلاق کے بعد بھانجے کے لیے حلال ہے؟ جواب۔آدمی کے لیے اپنے چچا اور ماموں کی بیوی اس کی طلاق کے بعد حلال ہے اسی طرح اپنے بھائی کی بیوی