کتاب: فتاوی نواب محمد صدیق حسن خان - صفحہ 58
المغرب عن فتاويٰ أهل إفريقية والأندلس والمغرب“ ہے [1] حال ہی میں اس کا نیا ایڈیشن دارالمغرب الاسلامی سے بڑے اہتمام کے ساتھ شائع ہوا ہے ایک مستقل جلد میں اس کے موضوعات و مسائل کی فہرست بھی کچھ لوگوں نے مل کر تیار کر دی ہے۔ یہ بھی کتاب کے ساتھ نئے ایڈیشن میں چھپی ہے۔ مالکی فقہ کی کتابوں سے برصغیر کے لوگ مانوس نہیں۔ ان میں مسائل و ابواب کی ترتیب حنفی فقہ کی کتابوں سے قدرے مختلف ہوتی ہے۔ ان کی بعض مشہور و معتمد کتابیں بڑے مغلق اور ادق اسلوب میں لکھی گئی ہیں مگر فتاویٰ کے اس مجموعے کو دیکھنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ اکثر علماء نے بڑے واضح اسلوب میں فتوے لکھے ہیں، ممکن ہے اس کی وجہ یہ رہی ہو کہ فتاویٰ عام طور پر عوام اور طلبہ کے لئے لکھے جاتے ہیں اس لئے ان میں مشکل اسلوب سے اجتناب کیا جاتا تھا۔ ان تین مجموعوں کے علاوہ قاضی عیاض (م 544ھ) کے فتاویٰ کا ایک مختصر مجموعہ چھپا ہے۔ اس کے علاوہ مطبوعہ کتابوں میں ”نوازل المهدي الوزاني“ المعروف بالمعيار الجديد (11 جلدیں)، ”أجوبة عبدالقادر الفاسي“، ”أجوبة أبي الحسن الصغير“ يا ”الدّر النثير“، ”أجوبة محمد بن ناصر الدرعي“ يا ”الأجوبة الناصرية“، ”نوازل الشريف العلمي“، ”نوازل ابن هلال الضهاجي السجلماسي“، ”نوازل المسنادي“، ”نوازل القاضي أبي عبدالله محمد بن عبدالعزيز بردلة الفاستي“، ”نوازل أبي العباس أحمد بن محمد السوسي“، ”نوازل الشيخ التاوي بن سورة“، ”نوازل محمد بن الحسن المجاسي“ الفاسي، ”أجوبة محمد بن المدني كنون المستاري“ مالکی فقہاء کے فتاویٰ کے معروف مجموعے ہیں۔
[1] اس کتاب سے متعلق ایک مضمون E. AMAR نے ARCHIVES VOLL.xii-xiii (1908-9) PP.522-536 MAROCAINER میں لکھا ہے۔