کتاب: فتاوی ابن باز(جلد 2) - صفحہ 34
منکر ہو، اسکا کیا حکم ہے؟ جواب اَلْحَمْدُ للّٰہ وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی رَسُوْلِہِ آلِہِ وَأَصْحَابِہ وَبَعْدُ: جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی صحیح احادیث سے ثابت ہے کہ داڑھی کو لمبا ہونے دینا اور بڑھانا واجب ہے اور اسے مونڈنایا کاٹنا حرام ہے۔ صحیح بخاری اور صحیح مسلم میں حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت کی ہے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: (قُصُّوا الشَّوَارِبَ وَأَعْفُوا اللِّحَی خَالِفُو الْمُشْرِکِینَ) (متفق) ’’مونچھیں کاٹو اور داڑھیاں بڑھاؤ۔ مشرکین کی مخالف کرو۔‘‘[1] صحیح مسلم اور میں حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی ہے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: (جُزُّوا الشَّوَارِبَ وَأَرْخوا اللِّحَی، خَالِفُو الْمَجُوْسَ) (مسلم) ’’مونچھیں کاٹو اور داڑھیاں بڑھاؤ‘ مجوسیوں کی مخالفت کرو‘‘[2] ان دونوں حدیثوں سے اور اس مفہوم کی اس اور بہت سی حدیثوں میں آتا ہے کہ داڑھی رکھنا اور اسے بڑھانا واجب او راسے مونڈنا او رکاٹنا حرام ہے جیساکہ ہم نے پہلے ذکر کیا ہے۔ جو شخص اس بات کا قائل ہے کہ داڑھی رکھنا ایسی سنت ہے جس پر عمل کرنے سے ثواب ہوتا ہے اور ترک کرنے سے گناہ نہیں ہوتا تو وہ غلطی پر ہے اور صحیح حدیثوں کی مخالفت کررہا ہے۔ کیونکہ امر (حکم) کا اصل معنی وجوب ہی ہے اور نہی (ممانعت) سے حرمت ثابت ہوتی ہے۔ صحیح حدیث کے ظاہر مفہوم کو ترک کرنا جائز نہیں الا یہ کہ کوئی ایسی دلیل مل جائے جس سے معلوم ہوکہ اس مقام پر ظاہری معنی مراد نہیں اور مذکورہ بالاحدیثوں کے ظاہری معنی (وجوب) کو ترک کرنے (اور استحباب مراد لینے) کی کوئی دلیل موجود نہیں ۔ جامع ترمذی میں جو حدیث حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم داڑھی کے طول اور عرض میں سے کچھ کم کر دیا کرتے تھے۔ [3] وہ حدیث باطل ہے کیونکہ یہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت نہیں۔ مذکورہ بالا روایت میں ایک راوی ’’مہتم بالکذب‘‘ ہے یعنی وہ جھوٹ بولا کر تا تھا۔ جو شخص داڑھی کا مذاق اڑاتا اور اسے زیر ناف کے بالو ں سے تشبیہ دیتا ہے وہ بہت بڑے گناہ کا ارتکاب کررہا ہے جس کی وجہ سے وہ اسلام سے خارج ہوجاتا ہے۔ کیونکہ قرآن مجید یا صحیح حدیث سے ثابت ہونے والے کسی حکم کا مذاق اڑانا کفروارتداد کا موجب ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: قُلْ اَبِاللّٰہِ وَ اٰیٰتِہٖ وَرَسُوْلِہٖ کُنْتُمْ تَسْتَہْزِئُ وْنَ٭ لَا تَعْتَذِرُوْا قَدْ کَفَرْتُمْ بَعْدَ اِیْمَانِکُمْ﴾ (التوبۃ۹/ ۶۵،۶۶) ’’کیا تم اللہ تعالیٰ سے، اس کی آیتوں سے اور اس کے رسول سے مذاق کرتے ہو؟ معذرت نہ کرو۔ تم ایمان لانے کے بعد پھر کافر ہوگئے ہو۔‘‘ وَبِاللّٰہِ التَّوْفِیْقُ وَصَلَّی اللّٰہُ عَلٰی نَبِیَّنَا مُحَمَّدٍ وَآلِہٖ وَصَحْبِہٖ وَسَلَّمَ اللجنۃ الدائمۃ ۔ رکن: عبداللہ بن قعود، عبداللہ بن غدیان، نائب صدر: عبدالرزاق عفیفی، صدر عبدالعزیز بن باز ٭٭٭
[1] صحیح بخاری، کتاب اللباس، ب:۲۴؍ ح: ۵۸۹۲، صحیح مسلم ح: ۲۵۹ [2] صحیح مسلم ح: ۲۶۰۔ [3] جامع ترمذی کتاب الادب، ب: ۱۵؍ ح: ۲۷۶۳