کتاب: فتاویٰ اصحاب الحدیث(جلد 4) - صفحہ 87
بہر حال یہ حقیقت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے زندگی میں صرف ایک مرتبہ سورج گرہن لگنے پر نماز کسوف پڑھائی تھی اور بخاری کی روایت سے یہ بھی ثابت ہوا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بآواز بلند قرأت کی تھی اور اس کے مقابلہ میں جو حدیث پیش کی جاتی ہے وہ ضعیف ہے اور اپنے مدعا میں وہ صریح بھی نہیں تو نتیجہ یہ نکلا کہ نماز کسوف میں قرأت بلند آواز سے کی جائے۔ (واللہ اعلم) نماز تراویح کی تعداد سوال: نماز تراویح کی صحیح تعداد کیاہے جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہے؟ بعض حضرات کا خیال ہے کہ اس قسم کی نفلی عبادت کی تعداد متعین نہیں ہے بلکہ انسان اپنی ہمت کے مطابق جس قدر چاہے پڑھ لے ۔ کیا واقعی اس کی یہ بات درست ہے ؟ کتاب و سنت کی روشنی میں وضاحت فرمائیں۔ جواب: واضح رہے کہ تہجد، قیام اللیل ، قیام رمضان اور تراویح ایک ہی نماز کے مختلف نام ہیں۔ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ قیام رمضان کے متعلق ایک عنوان قائم کر کے اس کے تحت مندرجہ ذیل حدیث لائے ہیں، حضرت ابو سلمہ بن عبد الرحمن رضی اللہ عنہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے سوال کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم رمضان میں رات کے وقت کتنا قیام کرتے تھے تو آپ نے جواب دیا:’’رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم رمضان اور غیرِ رمضان میں گیارہ رکعات سے زیادہ نہیں پڑھتے تھے۔ [1] بعض اوقات آپ تیرہ رکعات بھی پڑھتے تھے ، جیسا کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے ہی مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم رات کو تیرہ رکعات نماز ادا فرماتے ، ان میں پانچ وتر ہو تے تھے اور ان پانچ وتروں میں تشہد کے لیے صرف آخری رکعت میں بیٹھتے ۔ [2] بعض روایات میں وضاحت ہے کہ فجر کی دو سنت شامل کر کے تیرہ رکعات ہو تی تھیں جیسا کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بیان فرماتی ہیں کہ رات کے وقت آپ دس رکعت پڑھتے تھے اور ان کے بعد ایک وتر پڑھتے، اس کے بعد فجر کی دو سنت ادا کرتے ، یہ سب ملا کر کل تیرہ رکعات ہوئیں۔[3] ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم رات کو وتر اور فجر کی دو رکعات سمیت تیرہ رکعت نماز تہجد پڑھتے تھے(بخاری، التہجد، ۱۱۴۰) کچھ روایات سے پتہ چلتا ہے کہ نماز تہجد شروع کرنے سے پہلے ہلکی پھلکی دو افتتاحی رکعات پڑھتے تھے جیسا کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کا بیان ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب نماز تہجد کے لیے کھڑے ہو تے تو دو ہلکی رکعات سے اپنی نماز کا افتتاح کیا کرتے تھے۔ [4]بلکہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’جب تم میں سے کوئی قیام کرے تو ہلکی رکعات سے آغاز کرے۔ ‘‘[5] ان تمام روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی رمضان کی نماز تراویح گیارہ رکعات سے زائد نہ ہو تی تھیں، بعض اوقات تیرہ رکعات پڑھ لیتے تھے۔ ان واضح روایات کے باوجود بعض لوگ بیس رکعات تراویح کے مسنون ہونے کے قائل و فاعل
[1] صحیح مسلم ، صلوۃ المسافرین:۹۹۴۔ [2] مسلم، صلوۃ المسافرین: ۷۳۷۔ [3] مسلم، صلوۃ المسافرین:۷۳۶۔ [4] مسلم، صلوٰۃ المسافرین:۱۸۰۶۔ [5] صحیح مسلم، صلوٰۃ المسافرین:۱۸۰۷۔