کتاب: فتاویٰ اصحاب الحدیث(جلد 4) - صفحہ 465
٭ بعض مفسرین کا خیال ہے کہ غفران ذنوب سے مراد کبیرہ گناہوں کی معافی اور تکفیر سیئات کا معنی صغیرہ گناہوں کا دُھل جانا ہے یعنی اس کا معنی یہ ہے کہ بڑے اور چھوٹے سب گناہ معاف کر دے۔ ٭ اکثر مفسرین کا کہنا ہے کہ ذنوب سے مراد ترک طاعات یعنی شرعی طور پر جو کرنے کے کام ہیں انہیں چھوڑ دینا مثلاً ترک نماز وغیرہ اور سیئات سے مراد ارتکاب معاصی یعنی شرعی طور پر جو باز رہنے کے کام ہیں ان کا ارتکاب کرنا مثلاً شراب پینا اور جوا کھیلنا وغیرہ۔ اس دعا کا مطلب یہ ہے کہ اے اللہ ! ہم سے جو کام کرنے کے رہ گئے ہیں، ان کی معافی اور جو باز رہنے والے کاموں کا ہم نے ارتکاب کیا ہے ان سے درگزر فرما۔ دراصل اس دعا میں چار الفاظ استعمال ہوئے ہیں، ان کی وضاحت کے بعد ہم اپنا رجحان بیان کریں گے، وہ چار الفاظ اور ان کی تشریح حسب ذیل ہے: ٭ غفر: لغوی طور پر اس کا معنی یہ ہے کہ کسی چیز پر کوئی ایسی چیز پہنا دینا جو اسے میل کچیل یا دوسری مضرت سے محفوظ رکھے۔ اللہ کی طرف سے غفران کا یہ معنی ہے کہ وہ گناہوں کی سزا سے انسان کو چھپا لے، یہ اس کی طرف سے عذاب کے ساقط ہونے کی مقتضی ہے اور یہی بات ثواب کو واجب کر دیتی ہے۔ ٭ ذنب: ہر اس فعل کو کہتےہیں جس کا انجام برا ہو، اس کا اطلاق اس قدر عام ہے کہ چھوٹی سے چھوٹی لغزش سے لے کر بڑے سے بڑے گناہ پر اس لفظ کو بولا جاتا ہے۔ ٭ تکفیر : لغوی طور پر اس لفظ کا معنی چھپانا ہے ، اس سے ’’ کفارۃ ‘‘ کا لفظ بنا ہے ۔ اس سے مراد وہ عمل جس کی ادائیگی پر گناہ سے پردہ پوشی ہو جائے ، یہ لفظ سیئات کو حسنات کے ذریعے ختم اور معاف کرنے کے لئے استعمال ہوتا ہے۔ ٭ سیئات : بد صورت یا ناگوار قول و فعل کو کہتے ہیں جو ظاہری ، بد صورتی اور معنوی خرابی دونوں کے لئے آتا ہے یعنی سیئات بُرے کام اور اس کی ضد حسنات ہے۔ قرآن کریم میں ہے کہ حسنات ، سیئات کو ختم کر دیتی ہیں۔[1] ہمارے رجحان کے مطابق اللہ کی عبادت میں کوتاہی کا نام ذنوب ہے یعنی ایسے معاملات سے پہلو تہی کرنا جو اللہ اور بندے کے درمیان ہیں، اسے ذنوب سے تعبیر کیا گیا ہے اور حقوق العباد میں کوتاہی کا نام سیئات ہے یعنی بندوں کے جو باہمی حقوق ہیں ان کی ادائیگی سے رو گردانی کرنا سیئات کہلاتا ہے۔ اس دعا کا مفہوم یہ ہے کہ اےاللہ ! جو تیرے حقوق کے متعلق ہم سے کوتاہی ہوئی ہے اس پر پردہ ڈال دے اور ہمیں سزا سے دو چار نہ کر اور حقوق العباد کے متعلق کوتاہی کو بالکل ختم کر دے اور ہمیں اس کے بارے میں باز پرس نہ کر۔ اس مفہوم کو علامہ محمد رشید رضا نے اپنی تفسیر میں بیان کیا ہے۔ [2] دانیال نام رکھنا سوال:ہم اپنے بچے کا نام دانیال رکھنا چاہتے ہیں ، آپ اس سلسلہ میں ہماری راہنمائی کریں کہ یہ نام رکھا جا سکتا ہے اور اس کا معنی کیا ہے؟
[1] ھود: ۱۱۴۔ [2] المنار ص ۳۰۳ ج۴۔