کتاب: فتاویٰ اصحاب الحدیث(جلد 4) - صفحہ 38
٭…ایسا بھی ہوتا ہے کہ سوال کا پس منظر فکر آخرت ہوتا ہے جیسا کہ حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کی والدہ حضرت ھند بنت عتبہ رضی اللہ عنہا ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئی اور عرض کرنے لگی یا رسول اللہ! میرے شوہر حضرت ابو سفیان رضی اللہ عنہ ، گھر کے اخراجات کے متعلق ذرا تنگ دل واقع ہو ئے ہیں۔ جو کچھ دیتے ہیں اس سے گھر کا نظام نہیں چلتا، میرے اور میرے بچوں کے اخراجات کے لیے وہ ناکافی ہے، کیا میرے لیے جائز ہے کہ اس کی لا علمی میں خفیہ طور پر کچھ رقم لے لیا کروں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’اس قدر لیا کرو جو دستور کے مطابق تیرے اور تیرے بچوں کے لیے کافی ہو۔ ‘‘[1] حضرت ہند رضی اللہ عنہا کو ایک طرف بچوں کی پرورش کا فکر ہے کہ اگر ان کی نگہداشت نہ کی گئی تو قیامت کے دن باز پرس ہو گی پھر چوری رقم لینے میں بھی ضمیر مطمئن نہیں ہوتا مبادا قیامت کے دن اس کے متعلق سوال ہو جائے ، اس لیے اس خلش کو دور کرنے کے لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سوال کیا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں مطمئن کر دیا۔ ان سوالات سے معلوم ہوتا ہے کہ سائلین نے اخلاص اور حسن نیت کے ساتھ حصول علم اور اس پر عمل کی غرض سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف رجوع کیاہے۔ اس طرح کے سوالات جن کا تعلق انسان کی عملی زندگی، آخرت سنوارنے ، حصول جنت اور جہنم سے بچنے کے لیے ہو بہت ہی مبارک ہیں۔ ہمیں ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ایسے ہی سوالات کرنے چاہئیں لیکن ہمیں جس قسم کے سوالات سے واسطہ پڑتا ہے ان کی نوعیت ان سے بہت مختلف ہوتی ہے۔مثلاً ٭…میرے رشتے کے متعلق ایک جگہ بات چل رہی ہے، آپ حساب کر کے بتائیں کہ وہاں رشتہ کیسا رہے گا۔؟ ٭…ہمارا کاروبار کسی نے باندھ دیا ہے کوئی وظیفہ بتائیں یا تعویذ دیں جس سے یہ بندھن کھل جائے ۔ ٭…مرنے کے بعد حساب کے وقت روح لوٹ آتی ہے ، اسے ثابت کرنے کے لیے کسی قرآنی آیت کا حوالہ دیں؟ ٭…وہ کونسی چیز ہے جسے عورت زندگی میں ایک مرتبہ اور مرد ہر روز پانچ مرتبہ استعمال کرتے ہیں، اس کا ذکر قرآن میں بھی آتا ہے؟ ٭…ایک عورت نبی کی ماں، نبی کی بہن، نبی کی بیٹی اور نبی کی بیوی ہے اس عورت کا نام بتائیں؟ ٭…ہمارے گھر میں پریشانی اور بیماری ہے استخارہ کر کے بتائیں کہ اس کی وجہ اور اس کا حل کیا ہے ؟ جبکہ بیشتر حضرات اپنی عملی زندگی کے متعلق ہی سوالات کرتے جن کا قرآن و حدیث کی روشنی میں جواب دیا جاتا ہے اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنی رضا کے لیے کام کرنے کی توفیق دے۔ کچھ اس جلد کے بارے میں: فتاویٰ اصحاب الحدیث کی چوتھی جلد آپ کے ہاتھوں میں ہے ، اس کے متعلق ہم نے وعدہ کیاتھا کہ وہ زیر ترتیب ہے اور جلد ہی زیور طباعت سے آراستہ ہو کر قارئین کے زیر مطالعہ ہو گی ۔اب ہم نے اس وعدہ کو پورا کر دیا ہے، یہ در اصل ہفت روزہ اہل حدیث لاہور (سال ۲۰۱۱، ۲۰۱۲، ۲۰۱۳) میں مسلسل شائع ہونے والے سوالات وجوابات کا مجموعہ ہے جو احکام و مسائل کے عنوان سے شائع ہوتے ہیں، انہیں دخترم حامدہ حمادسلمہااللہ نے بہت محنت اور عرق ریزی سے یکجا کیا ،پھر فقہی ترتیب و
[1] بخاری، النفقات: ۵۳۶۴۔