کتاب: فتاویٰ اصحاب الحدیث(جلد 4) - صفحہ 130
جواب: نماز کو دین اسلام میں بڑی اہمیت حاصل ہے، اس کی جماعت کے لیے کسی ایسے شخص کا انتخاب کیا جائے جو کم از کم تین بنیادی صفات کا حامل ہو جو حسبِ ذیل ہیں۔ 1۔ اس کا عقیدہ صحیح اور قرآن و حدیث کے مطابق ہو ، کیونکہ مشرک اور کافرکے پیچھے نماز پڑھنا شرعاً جائز نہیں۔ مشرکین اور کفارکے متعلق ارشاد باری تعالیٰ ہے :’’ہم ان کے اعمال کا جائزہ لینے کے لیے آئیں تو انہیں بکھرے ہوئے غبار کی طرح بنا دیں۔‘‘[1] اس آیت سے معلوم ہوا کہ مشرکین اور کفار کا کوئی عمل بھی اللہ کے ہاں قبول نہیں ہو گا، نماز جیسا اہم عمل کیسے قبول کیا جائے گا، لہٰذا امام کو صحیح العقیدہ ہونا چاہیے۔ 2۔ قرآن کریم اسے زیادہ یاد ہو اور مخارج و صفات کی خوب رعایت کرنے والا ہو، وہ قرآن کریم کی صحیح لب و لہجے سے تلاوت کرتا ہو، جیسا کہ حدیث میں ہے:’’لو گوں کی امامت وہ شخص کرائے جو کتاب اللہ کو زیادہ پڑھنے والاہو اور اگر قرأت میں برابر ہوں تو ایسا شخص امامت کرائے جو سنت کا زیادہ علم رکھتا ہو۔ ‘‘[2] 3۔ وہ اچھے اخلاق اور صفات ستھرے کر دار کا حامل ہو یعنی وہ لو گوں کو مانوس کرنے والا ہو اور متنفر کرنے والا نہ ہو ۔ کیونکہ اگر کوئی بد اخلاق ہے اور لوگ اس سے بیزار ہیں تو اس کی اپنی نماز محل نظر ہے چہ جائیکہ وہ امامت کا اہل ہو۔ حدیث میں ہے کہ تین آدمیوں کی نماز اللہ تعالیٰ قبول نہیں فرماتے: پہلا وہ شخص جو امامت کے لیے کسی قوم کے آگے بڑھے لیکن لوگ اسے نا پسند کر تے ہوں۔ [3] اگر مقررہ امام موجود نہ ہو تو اس کا انتظار کرنا چاہیے، اگر وہ دستیاب نہ ہو تو حاضرین میں سے امامت کے فرائض وہ شخص ادا کرے جسے قرآن زیادہ یاد ہو اور وہ مخارج و صفات کا خیال رکھتے ہوئے قرآن کی تلاوت کر تا ہو۔ لیکن امام راتب موجود ہے تو اسے ہی جماعت کرانی چاہیے ، اگرچہ حاضرین میں کچھ افراد اس سے زیادہ قرآن یاد رکھتے ہوں۔ ایسے حالات میں امامت وہی کرائے جو اس کے لیے تعینات ہے، قرآن و حدیث کے متعدد دلائل سے اس کی تائید ہو تی ہے۔ (واللہ اعلم) تیسری اور چوتھی رکعت میں فاتحہ کے ساتھ کوئی سورت پڑھنا سوال: پہلی اور دوسری رکعت میں فاتحہ کے علاوہ کوئی سورت پڑھنا احادیث سے ثابت ہے، کیا تیسری اور چوتھی رکعت میں فاتحہ کے ساتھ کوئی دوسری سورت پڑھی جا سکتی ہے یا صرف قرأت فاتحہ پر اکتفا کر نا ہے۔ جواب: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم دورانِ نماز سورۃ فاتحہ کے ساتھ مزید قرآن کریم کی کچھ تلاوت فرمایا کر تے تھے۔ جس کا ثبوت کتب حدیث میں مروی متعدد احادیث سے ملتا ہے، ظہر، عصر اور عشاء کی تیسری اور چوتھی رکعت میں سورۃ فاتحہ کے ساتھ کوئی اور سورت پڑھنا بھی جائز ہے ، اس کا ثبوت احادیث میں موجود ہے۔
[1] الفرقان: ۲۳۔ [2] صحیح مسلم، المساجد:۶۷۳۔ [3] ابو داؤد، الصلوٰۃ: ۵۹۳۔