کتاب: فتاویٰ اصحاب الحدیث(جلد 3) - صفحہ 98
نماز قصر کے لیے کم از کم مسافت سوال:کم از کم کتنی مسافت پر نماز قصر کرنا جائز ہے، کتاب و سنت میں اس کے متعلق کیا صراحت ہے؟ وضاحت فرمائیں۔ جواب:رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے مسافت قصر کے متعلق کوئی صریح قولی روایت نہیں ملتی جس سے نماز قصر کے لیے مسافت کی تعداد کو معین کیا جا سکتا ہو۔ البتہ حضرت انس رضی اللہ عنہ جو سفر و حضر میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہمراہ ایک خادم خاص کی حیثیت سے رہے ہیں انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ایک عمل سے استنباط کیا ہے کہ کم از کم نو میل کی مسافت پر نماز قصر کی جا سکتی ہے۔ چنانچہ حضرت انس رضی اللہ عنہ کے شاگرد یحییٰ بن یزید نے آپ سے نماز قصر کے لیے مسافت کی تعداد کے متعلق سوال کیا تو آپ نے جواب دیا کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تین میل یا تین فرسخ کا سفر کرتے تو نماز قصر فرماتے۔ واضح رہے کہ روایت میں تین میل کے بجائے تین فرسخ مراد لینا زیادہ قرین قیاس ہے کیونکہ اس میں تین میل بھی آجاتے ہیں کیونکہ ایک فرسخ تین میل کا ہوتا ہے، معلوم ہو اکہ مسافت اگر نو میل ہو تو اپنے شہر یا گاؤں کی حد سے نکل کر نماز قصر کی جا سکتی ہے، اب سوال یہ ہے کہ میل سے مراد کون سے میل ہیں؟ کیونکہ ہمارے ہاں برطانوی میل رائج ہیں جو 1760 گز کا ہوتا ہے جو شرعی میل سے چھوٹا ہے، چنانچہ صاحب عون المعبود لکھتے ہیں: ’’مشہور قول کے مطابق میل کی مقدار موجودہ لوہے کی ذراع کے حسا ب سے 5250 ذراع بنتی ہے۔‘‘ [1] چونکہ انگریزی گز دو ذراع کا ہوتا ہے، اس لیے ہاشمی میل دو ہزار چھ سو پچیس گز کا ہوا، یہ وہ میل ہے جسے ہمارے ہاں کوس یا پنجابی میں کوہ کہا جاتا ہے، جب ہندوستان میں برطانوی دور آیا تو انگریزی میل ایک ہزار سات سو ساٹھ گز کا رائج ہوا، اس طرح ہاشمی میل کی مقدار میں آٹھ سو پینسٹھ گز کمی کر دی گئی، گویا ہاشمی میل، تقریباً ڈیڑھ میل برطانوی کے برابر ہے اس لیے نو میل ہاشمی ہوں تو ساڑھے تیرہ میل برطانوی ہوتے ہیں۔ ہمارے ہاں اب انگریزی میل کی جگہ اعشاری نظام آچکا ہے، اب میل کے بجائے کلو میٹر کی اصطلاح استعمال ہونے لگی ہے اور کلو میٹر انگریزی میل سے بھی چھوٹا ہے، اب حساب اس طرح ہو گا ایک شرعی ہاشمی میل، پانچ ہزار دو سو پچاس ذراع کے برابر ہے جس میں دو ہزار چھ سو پچیس گز ہوتے ہیں۔ یہ مقدار ہمارے ہاں برطانوی میل سے آٹھ سو پینسٹھ گز زیادہ ہے۔ اعشاری نظام کے مطابق ایک شرعی ہاشمی میل دو ہزار چار سو میٹر کے برابر ہے یعنی اس میں دو کلو میٹر اور چار سو میٹر ہوتے ہیں، چونکہ نماز قصر کے لیے کم از کم نو میل ہاشمی کا ہونا ضروری ہے جس کی مقدار موجودہ اعشاری نظام کے مطابق اکیس کلو میٹر اور چھ سو میٹر ہے، پہلے ہم ہاشمی اور برطانوی میل میں فرق نہیں کرتے تھے، اب یہ تحقیق سامنے آنے پر ہم اپنے سابقہ مؤقف سے رجوع کرتے ہیں۔ (واللہ المستعان)
[1] عون المعبود،ص:۲۱۸ج۳۔